بانڈی پورہ میں ایک معمر شخص اور ایک کمسن لڑکا دریائے جہلم میں ڈوب گئے

بانڈی پورہ میں ایک معمر شخص اور ایک کمسن لڑکا دریائے جہلم میں ڈوب گئے

سری نگر/ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں جمعرات کو دو الگ الگ واقعات میں ایک معمر شخص اور ایک کمسن لڑکا دریائے جہلم میں ڈوب گئے ہیں۔

جہاں حاجن میں دریائے جہلم میں ڈوبنے والے 80 سالہ شخص کی لاش برآمد کی گئی ہے وہیں زونی پورہ میں ڈوبنے والے 8 سالہ لڑکے کی تلاش جاری ہے۔

ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ حاجن کے بانگر محلہ میں غلام محمد ولد عبدالرحمان نامی ایک 80 سالہ شخص جمعرات کی علی الصبح فجر کی نماز کے لئے وضو بنانے کے دوران پیر پھسل کر دریائے جہلم میں جا گرے۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تلاشی آپریشن شروع کیا اور انتھک کوششوں کے بعد دریا سے لاش برآمد کی گئی۔

دریں اثنا ضلع بانڈی پورہ کے زونی پورہ میں جمعرات کو آٹھ سالہ لڑکا سجاد شبیر شاہ ولد شبیر احمد شیخ نہانے کے دوران دریائے جہلم میں جا گرا۔

ذرائع نے بتایا کہ دریائے جہلم میں ڈوبنے والے کمسن لڑکے کے دوستوں نے شور مچایا جس کے بعد مقامی لوگوں، پولیس اور ایس ڈی آر ایف نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

یہ رپورٹ فائل کئے جانے تک ڈوبنے والے کمسن لڑکے کی تلاشی جاری تھی۔بتا دیں کہ وادی کشمیر میں اچانک دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں میں ڈوبنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بدھ کو ضلع بارہمولہ کے درنگ ٹنگمرگ علاقے میں دو جوان سال خواتین غرقآب ہوئیں جبکہ ایک خاتون اور ایک نوجوان کو بچا لیا گیا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.