کرگل میں عامر خان کی فلم ‘لال سنگھ چڈا’ کی شوٹنگ جاری، مقامی لوگوں کے لئے کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان

کرگل میں عامر خان کی فلم ‘لال سنگھ چڈا’ کی شوٹنگ جاری، مقامی لوگوں کے لئے کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان

کرگل، 15 جولائی (یو این آئی) بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے کرگل کے واکھا وادو نامی گائوں میں کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اپنی آنے والی فلم ‘لال سنگھ چڈا’ کی آخری مرحلے کی شوٹنگ کے سلسلے میں کرگل میں خیمہ زن عامر خان نے یہ اعلان واکھا وادو کے مقامی لوگوں سے بات چیت کے دوران کیا ہے۔
انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کے دوران کہا: ‘ہم آپ کے گائوں میں شوٹنگ کرنے کے لئے آئے ہیں۔ ہمیں آپ سے مل کر بہت اچھا لگا۔ آپ نے ہمیں جو تعاون فراہم کیا اس کے لئے ہم آپ کے بے حد مشکور ہیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہماری شوٹنگ مشکل ہوتی ہے یہ آپ بھی دیکھ چکے ہیں۔ ہم بے حد خوش ہیں کہ آپ نے ہمیں تعاون فراہم کیا اور ہماری مدد کی جس سے ہمارا کام آسان ہو گیا’۔
عامر خان نے مذکورہ گائوں میں بچوں کے لئے ایک کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ‘ہم کمیونٹی ہال بنانے میں آپ کی مدد کریں گے۔ بچے وہاں ثقافتی پروگرام منعقد کیا کریں گے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہم سب کو آپ کی جگہ بہت اچھی لگی۔ آپ کا گائوں بہت ہی خوبصورت ہے۔ ہم گائوں میں بھی گھومنا چاہتے ہیں’۔
عامر خان کو کرگل کا روایتی لباس گونچا بہت پسند آیا ہے اور انہوں نے تقریب میں شریک ایک مقامی نوجوان سے کہا کہ مجھے بھی ایک گونچا چاہیے۔
انہوں نے ایک نوجوان سے مخاطب ہو کر کہا کہ ‘آپ نے جیکٹ جیسا کیا پہنا ہے؟ مقامی نوجوان نے جواب دیا کہ ‘اس کو گونچا کہتے ہیں’۔ عامر خان نے پھر کہا: ‘مجھے بھی اسی رنگ کا ایک گونچا چاہیے۔ آپ لوگوں کے کپڑے بھی بہت خوبصورت ہیں’۔
واضح رہے کہ عامر خان اس سے قبل سپر ہٹ فلم ‘تھری ایڈٹس’ کی شوٹنگ کے سلسلے میں لداخ آئے تھے۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ کرگل سنتوش سکھ دیو نے کہا کہ عامر خان پروڈکشنز نے ‘لال سنگھ چڈا’ کی شوٹنگ کے دوران صفائی و ستھرائی اور کووڈ ایس او پیز کا خاصا خیال رکھا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘یہاں واکھا وادو نامی گائوں میں لال سنگھ چڈا نامی فلم کی شوٹنگ ایک ہفتے سے چل رہی ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ عامر خان پروڈکشنز شوٹنگ کے دوران کچرا پھیلا رہا ہے، لیکن سوشل میڈیا پر جو دعویٰ کیا جا رہا ہے اس میں کوئی سچائی نہیں ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘وہاں پر ہمارے دو مجسٹریٹ اور ایک پولیس افسر تعینات ہیں۔ پروڈکش کمپنی کی طرف سے صفائی و ستھرائی اور کووڈ ایس او پیز کا خاصا خیال رکھا جا رہا ہے۔ شوٹنگ 25 جولائی تک جاری رہے گی’۔
یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.