ہمیں بند کمرے میں ہی شہدا کو خراج عیقدت پیش کرنے پر مجبور کیا گیا: پی ڈی پی

ہمیں بند کمرے میں ہی شہدا کو خراج عیقدت پیش کرنے پر مجبور کیا گیا: پی ڈی پی

سری نگر/ پی ڈی پی کے جنرل سکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ کا کہنا ہے کہ ہمیں مزار شہدا پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے ہم 31 جولائی 1931 کے شہدا کو بند کمرے میں ہی خراج عقیدت پیش کرنے پر مجبور ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی لیڈروں کو گھروں سے باہر نکلنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ضلع مجسٹریٹ سری نگر سے مزار شہدا پر جانے کے لئے اجازت طلب کی تھی لیکن ہمیں اجازت نہیں دی گئی۔

موصوف نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز پر یوم شہدا کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ‘افسوس کی بات ہے کہ ہمیں آج ان شہدا (13جولائی 1931 کے شہدا) کو بند کمرے میں خراج عقیدت پیش کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ہم ہر سال مزار شہدا پر جا کر وہاں گلباری کرتے تھے اور فاتحہ پڑھتے تھے’۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ضلع مجسٹریٹ سری نگر سے اجازت طلب کی تھی لیکن ہمیں اجازت نہیں دی گئی۔موصوف نے کہا کہ ایک طرف ہمیں مزار شہدا پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ دوسری طرف ہمارے کئی لیڈروں کو پارٹی ہیڈ کوارٹر پر منعقدہ تقریب میں شرکت کرنے کے لئے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پانچ اگست 2019 کے بعد 13 جولائی کی چھٹی کو بھی منسوخ کیا گیا۔بتا دیں کہ سری نگر کے نقشبند صاحب علاقے میں واقع مزار شہدا پر منگل کے روز ‘یوم شہدا’ کے موقع پر جہاں اس سال بھی خاموشی چھائی رہی اور اس تاریخی مزار کی طرف جانے والے راستے مسدود رہے وہیں سرکاری سطح پر بھی مسلسل دوسرے برس بھی کوئی تعطیل رہی نہ کسی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

سری نگر میں سینٹرل جیل کے باہر 13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ فوجیوں کے ہاتھوں 22 کشمیریوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔ بعد میں سال 1948 میں اس وقت کے جموں وکشمیر کے وزیر اعظم شیخ محمد عبداللہ نے اس دن کو ‘یوم شہدا’ قرار دیا تھا اور اس دن سرکاری تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

جموں وکشمیر کی سرکاری تعطیلات کی فہرست میں 13 جولائی بھی شامل تھی تاہم دسمبر 2019 کو نہ صرف اس چھٹی کو منسوخ کیا گیا بلکہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے یوم پیدائش 5 دسمبر کے تعطیل کو بھی ختم کردیا گیا جبکہ 27 اکتوبر کو سرکاری تعطیل رکھا گیا جس دن مہاراجہ ہری سنگھ نے ہندوستان کے ساتھ الحاق کیا تھا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.