جموں کے مضافات میں ایک اور ڈرون دیکھا گیا

جموں کے مضافات میں ایک اور ڈرون دیکھا گیا

جموں، 29 جون (یو این آئی) فوجی جوانوں نے جموں شہر کے مضافاتی علاقہ رتنوچک کنجونی کے فوجی علاقے میں دوران شب ایک اور ڈرون کو تین مرتبہ گردش کرتے ہوئے دیکھا ہے۔

قبل ازیں فوجی جوانوں نے پیر کی شب رتنوچک – کالوچک کے فوجی علاقے میں دو ڈرونز کو دیکھا تھا اور انہیں واپس بھگایا تھا۔فوجی ذرائع نے بتایا کہ رتنوچک کنجونی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب فوجی جوانوں نے ایک اور ڈرون کو گردش کرتے ہوئے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ رتنوچک اور کنجونی علاقوں کے نزدیک اس ڈرون کو دوران شب تین مرتبہ گردش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس ڈرون کو پہلے رتنوچک میں رات کے ایک بجکر آٹھ منٹ پر دیکھا گیا اور اس کے بعد کنجونی میں تین بجکر نو منٹ اور پھر اسی مقام پر چار بجکر انیس منٹ پر دیکھا گیا۔

مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ فوجی جوانوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور ڈرون واپس چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔

بتا دیں کہ جموں ائیر فورس سٹیشن پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک مشتبہ ڈرون کے ذریعے دو بم گرائے گئے تھے جس کے نتیجے میں دو آئی اے ایف اہلکار زخمی اور ایک عمارت کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔


یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.