پی ڈی پی کی میٹنگ، محبوبہ مفتی کو کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کا فیصلہ لینے کا اختیار تفویض

پی ڈی پی کی میٹنگ، محبوبہ مفتی کو کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کا فیصلہ لینے کا اختیار تفویض

سری نگر/ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی یا پی اے سی نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو نئی دہلی میں 24 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقد ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں ‘شرکت کرنے یا نہ کرنے’ کا حتمی فیصلہ لینے کا اختیار دے دیا ہے۔
تاہم محبوبہ مفتی نے اپنی شرکت پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن یا عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی 22 جون کو ہونے والی میٹنگ میں لئے جانے والے فیصلے سے مشروط کر دیا ہے۔
پی ڈی پی کے ترجمان اعلیٰ سہیل بخاری نے اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا: ‘جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ دہلی میں جموں و کشمیر کو لے کر 24 جون کو ایک کل جماعتی میٹنگ بلائی گئی ہے۔ پی ڈی پی صدر محترمہ محبوبہ مفتی صاحبہ کو بھی اس میٹنگ میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘اس میٹنگ کو لے کر لائحہ عمل طے کرنے کے لئے آج پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ محترمہ محبوبہ مفتی کی صدارت میں منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں پی اے سی کے سبھی اراکین نے شرکت کی۔ سبھی اراکین نے اپنی تجاویز دیں’۔
سہیل بخاری نے کہا کہ میٹنگ کے اختتام پر کمیٹی کے سبھی اراکین نے محبوبہ مفتی کو دہلی میں ہونے والی میٹنگ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ لینے کا اختیار دیا ہے۔
تاہم ان کا ساتھ ہی کہنا تھا: ‘دو دن بعد یعنی 22 جون کو پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن کی ایک میٹنگ ہونی ہے۔ اس میں بھی اس مسئلے پر بحث ہوگی۔ اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا’۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.