سری نگر، 16 جون (یو این آئی) ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این یتو کا کہنا ہے کہ شعبہ سیاحت میں خدمات فراہم کرنے والے، خواہ وہ محکمے کا عملہ ہو یا اس سے وابستہ نجی متعلقین، کی ماہ رواں کے آخر تک صد فی صد ویکسینیشن مکمل کی جائے گی تاکہ سیاحتی سیزن بحال ہونے کے ساتھ ہی یہ لوگ خود بھی محفوظ رہ سکیں سیاحوں کا تحفظ بھی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 85 فیصد سروس فراہم کرنے والوں کی ویکسینیشن ہوئی ہے اور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں 90 فیصد خدمت پرووائیڈرس کی ویکسینیشن ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ شعبہ سیاحت سے وابستہ چار ہزار افراد کو تربیت دے گا جس میں انہیں کورونا پروٹوکال پر عمل کرنا، سیاحت کو کیسے فروغ دینا وغیرہ کی تربیت دی جائے گی اور یہ تربیتی پروگرام اسی ہفتے سے شروع کیا جائے گا۔
موصوف ناظم نے ان باتوں کا اظہار ایک مقامی روزنامے کو دیے گئے ایک ویڈیو انٹریو کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا: ‘ہمارا ٹارگیٹ ہے کہ شعبہ سیاحت کے خدمت فراہم کرنے والوں کی صد فیصد ویکسینیشن کرائی جائے خواہ وہ ہمارا عملہ ہو یا کیبل کارپوریشن ہو، ہاؤس بوٹ والے ہوں، گھوڑے والے ہوں، ٹورسٹ گائیڈس ہوں یا دوسرے متعلقین ہوں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے 85 فیصد کی ویکسینیشن ہوئی ہے اور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں خدمت فراہم کرنے والوں کی 90 فیصد ویکسینیشن ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شعبہ سے وابستہ تمام وابستگان کی صد فیصد ویکسینیشن کو ماہ جون کے اواخر تک مکمل کیا جائے گا۔
مسٹر یتو نے کہا کہ محکمہ شعبہ سیاحت سے وابستہ نجی متعلقین میں سے چار ہزار افراد کو تربیت فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا: ‘محکمہ شعبے کے نجی متعلقین کو تربیت فراہم کرے گا ان میں سے چار ہزار افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جن کو اسی ہفتے سے تربیت دی جائے گی جس میں ان کو کورونا پروٹوکال پر عمل کرنا اور سیاحت کو کیسے فروغ دینا ہے، کی تربیت دی جائے گی’۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے سیاحت پر منفی اثرات پڑ گئے اور سیاحوں کے آمد کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو گئی۔
موصوف ناظم نے کہا کہ سرمائی سیاحت کے دوران سوا لاکھ سیاح سیاحتی یہاں کے مقامات بالخصوص گلمرگ کے قدرتی مناظر سے محظوظ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے دیگر سیاحتی مقامات جیسے پہلگام، دودھ پتھری وغیرہ کو بھی سرمائی سیاحت کے لیے موزوں بنایا جا رہا ہے اور آج سے ہی ان مقامات پر بنیادی ڈھانچے کو بڑھایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں نئے سیاحتی مقامات کو بھی سیاحتی نقشے پر لایا جا رہا ہے تاکہ سیاحوں کو یہاں زیادہ سے زیادہ جگہوں کو دیکھنے کا موقع مل سکے اور وہ کشمیر کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوسکیں۔
یو این آئی





