بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

سری نگر میں ابھی بھی پانچ مقامی جنگجو سر گرم ہیں: آئی جی پی کشمیر

سری نگر/کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا ہے کہ سری نگر میں ابھی بھی پانچ جنگجو سرگرم ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں جنگجو اعانت کاروں کا بھی ایک وسیع نیٹ ورک ہے جن میں سے کئی اعانت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ’سی‘ زمرے کے اعانت کاروں کی کونسلنگ کی جارہی ہے۔

موصوف انسپکٹر جنرل نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔انہوں نے کہا: ’سری نگر میں چھ جنگجو سرگرم تھے ان میں سے ایک جنگجو کو حال ہی میں ضلع اننت ناگ کے ککرناگ علاقے میں مارا گیا، اب پانچ مقامی جنگجو سر گرم ہیں جن کو بہت جلد گرفتار کیا جائے گا یا کسی تصادم میں مارا جائے گا‘۔

مسٹر کمار نے کہا کہ سری نگر میں جنگجو اعانت کاروں کا ایک وسیع نیٹ ورک ہے جن میں سے کئی اعانت کاروں کو گرفتار کیا گیا اور ’سی‘ زمرے کے اعانت کاروں کو کونسلنگ کے بعد اپنے اہلخانہ کے حوالے کیا جاتا ہے۔

سری نگر میں کسی غیر مقامی جنگجو کی موجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ’غیر مقامی جنگجوؤں کی موجودگی کے بارے میں مسلسل اطلاعات موصول ہو رہی ہیں لیکن فی الوقت سری نگر میں کوئی بھی غیر مقامی جنگجو مستقل طور پر سرگرم نہیں ہے‘۔

جنگجوؤں کی طرف سے آئی ای ڈی نصب کرنے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں موصوف انسپکٹر جنرل نے کہا: ’سیکورٹی فورسز آئی ای ڈی کے خطروں سے موثر انداز میں نمٹ رہے ہیں جس کی مثال ضلع شوپیاں میں حال ہی میں ضبط کیا جانے والا دس کلو وزنی آئی ای ڈی مواد ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئی ای ڈی کے خطرے سے باخبر ہیں۔


یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img