موجودہ صورتحال عالم انسانیت کیلئے المیہ
عیدالفطر کے موقعہ پر اعجاز احمدخان کی عوام کومبارکباد
سری نگر:۲۱، مئی :سینئر ٹریڈیونین لیڈر اورملازم انجمنوں کے مشترکہ پلیٹ فارم EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے عالمگیر وباءکورونا وائرس کے ساےے میں منائی جارہی عیدالفطر کے موقعہ پرعوام کومبارک بادپیش کرتے ہوئے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ مہلک وائرس میں مبتلاءہوکرجاں بحق ہونے والے بھائی بہنوں ،بزرگوں اورنوجوانوں کی یادمیں سادگی کاخیال رکھاجائے ۔اپنے بیان میں EJCCکے چیئرمین اعجاز احمدخان نے کہاکہ ہم سب جس المناک صورتحال میں مسلسل دوسرے سال عیدالفطر کی تقریب سعیدمنارہے ہیں ،وہ صورتحال اسبات کی متقاضی ہے کہ ہم اُن بھائی بہنوں اورنوجوانوں وبزرگوں کونہ بھولیں ،جو ہم سے بچھڑ گئے ۔ہمیں اُن کنبوں کے دُکھ میں برابر شامل رہنا چاہئے ،جن کے عزیزواقارب اس دنیاسے رحلت کرگئے ،ہمیں اُن بزرگ والدین کویادرکھنا چاہے ،جن کے واحدکفیل اورنوجوان لخت جگرکورونا کی وجہ سے دم توڑ بیٹھے ،ہمیں اُن بچوں کونہیں بھولنا چاہئے ،جوکورونا وباءکی وجہ سے باپ کے ساےے یاماں کی شفقت سے محروم ہوگئے ۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ موجودہ صورتحال عالم انسانیت کیلئے المیہ ہے ،اسلئے ہمیں یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ ہم کورونا متاثرہ کنبوں کونہ بھولیں بلکہ اُن کے دکھ میں شریک رہتے ہوئے عیدسادگی ،عاجزی اورانکساری کیساتھ منائیں ۔سینئر ٹریڈیونین نے ساتھ ہی اپیل کی کہ صاحب ثروت اشخاص کیساتھ ساتھ متوسط کنبوں کے افرادکوبھی چاہئے کہ وہ اپنی مقدورکے مطابق ضرورت مندوں بالخصوص بے سہار اہوئے والدین،بیواﺅں ،یتیموں ،معذوروں اورغریبوں کی مالی معاونت کرکے اللہ کی خوشنودی حاصل کریں ۔اعجاز احمدخان نے سبھی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عیدالفطر کے موقعہ پرکورونا سے بچنے کی سبھی احتیاطی تدابیر اورلازمی رہنما اصولوں کاخیال رکھتے ہوئے اپنی اوراپنوںکی صحت وسلامتی کوملحوظ نظررکھیں ۔





