سرینگر // عالمگیر وبا کی دوسری لہر کی قہر سامانیوں کے بیچ جموں وکشمیر میں یومیہ کورونا کیسز اور اموات میں مسلسل اضافے کے پیش نظر انتظامیہ نے بارہمولہ ۔بانہال ریل سروس کو ایک ہفتے کے لئے معطل کرنے کا اعلان کیا ۔
ریلوے حکام کے مطابق حکومتی ایڈوائزی کے تحت جموں وکشمیر میں ریل سروس 16مئی تک معطل رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ کووڈ ۔19کیسز میں اضافے کے پیش نظر حکومت کی گزارش پر ریل سروس کو معطل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔
جموں وکشمیر میں جزوی اور مکمل لاک ڈاﺅن کے باوجود 50فیصد مسافروں کیساتھ ریل سروس جاری تھی ۔جموں وکشمیر میں وبا سے اب تک 2ہزار726 اموات ہوئیں جبکہ سرگرم معاملات کی تعداد ہزاروں میں ہے ۔
کووڈ ۔19کی بے قابو لہر کے نتیجے میں جموں وکشمیر میں جزوی اور مکمل لاک ڈاﺅن بھی جاری ہے جسکے نتیجے میں جموں وکشمیر میں معمو لات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں ۔بازار بند ہیں جبکہ سڑکوں سے ہر طرح کا ٹرانسپورٹ غائب ہے ۔