آکسیجن ،کووڈ مخالف ویکسین اور دیگر ادویات وافر مقدار میں دستیاب
سرینگر/لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر خان نے جمعرات کو کہا کہ وادی کشمیر میں آکسیجن ، کووڈ مخالف ویکسین اور دیگر ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے جبکہ بعض افراد کی جانب سے لوگوں میں خوف پیدا کرنے کیلئے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جوکہ صداقت پر مبنی نہیں ہے ۔ جمعرات کو محکمہ اطلاعات کے دفتر میں رات 9بجکر 40منٹ پر ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بصیر احمدخان نے کہاکہ جموں وکشمیر خاص طور پر وادی کشمیر میں ” کووڈ منیجمنٹ سسٹم “ کمزور نہیں ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہاں کا کووڈ منیجمنٹ سسٹم کمزور ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ وادی کے خصوصی دورے پر ہیں اور آج انہوں نے جنوبی کشمیر کے دو اضلاع اننت ناگ اور کولگام کا دورہ کرکے کووڈ سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہاکہ ان دونوں اضلا ع میں نہ تو آکسیجن کی کمی ہے اور نہ ہی دیگر ادویات کی ۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی آکسیجن ، کووڈ مخالف ویکسین اور دیگر ادویات وافر مقدار میں دستیاب ہیں ۔ بصیر خان نے کہاکہ جموں وکشمیر میں آکسیجن کو 5ٹن سے بڑھا کر 20ٹن کردیا گیا ہے اور یہ آکسیجن کسی بھی ضرورت سے نمٹنے کیلئے کافی ہے جبکہ اسکے علاوہ جموں وکشمیر کو کووڈ ویکسین 1.25کروڑ درآمد کی گئی ہے اور جموں وکشمیر ملک کی دوسری یو ٹی ہے جہاں وافر مقدار میں کووڈ ویکسین اور دیگر ادویات دستیاب رکھی گئیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ اضطراب اور خوف میں مبتلاءنہ ہو کیونکہ کووڈ منیجمنٹ سسٹم موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے متحرک اور تیار ہے ۔ پریس کانفرنس میں صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اعجاد اسد اور ڈائریکٹر ہیلتھ بھی موجود تھے ۔





