شوکت ساحل
سرینگر/عالمی وبا کورونا وائرس (کووٖڈ۔19) کی دوسری لہر میں آئی شدید شدت کے پیش نظر جموں وکشمیر کی انتظامیہ نے سنیچر کی شب آٹھ بجے سے سوموار کی صبح چھ بجے تک ‘کورونا کرفیو ‘نافذ کردیا ۔
اتوار کو سختی کیساتھ کرفیو نافذ رہا ،جموں وکشمیر کے دونوں سرمائی اور گرمائی دارالحکومتوں (سرینگر اور جموں ) کے علاوہ سبھی بیس اضلاع میں کرفیو سختی کیساتھ نافذ رہا ۔
کورونا کرفیو کو سختی کیساتھ نافذ کرنے کے لئے شہروں اور قصبوں میں سیکیورٹی کی اضافی نفری تعیناتکی گئی تھی فورسز نے لوگوں کی نقل وحرکت کو روکنے کے لئےرکاوٹیں کھڑی کی تھیں جبکہ اتوار اور رمضان کے پیش نظر لوگوں نے بھی گھروں میں ہی ہنے کوترجیح دی ۔
وادی کشمیر کے انتظامی صدر مقام سرینگر سمیت سبھی دس اضلاع میں اتوار کی صبح سے لوگوں کی نقل وحرکت ناکے برابر دیکھنے کو ملی ۔کورونا کرفیو کے باعث سڑکیں سنسان اور بازار ویران نظر آرہے ہیں ۔
دکانیں بند، تجارتی مراکز ،کاروبارے ادارے ،پیٹرول پمپس سمیت ہر طرح کی سرگرمیاں متاثر ہیں جبکہ ہر طرح کا ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے ۔تاہم ایمر جنسی اور دیگر لازمی سروسز سے وابستہ افراد ہی سڑکوں پر ادھر ادھر گومتے نظر آرہے ہیں ۔
شہروں اور قصبوں میں پولیس گاڑیوں کے ذریعے کورونا کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا گیا اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی گئی۔
صوبہ جموں کے دس اضلاع سے بھی اسی طرح کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔چھتیس گھنٹوں کے لئے کرفیو کے نفاذ کا اعلان سنیچر کے روز لیفٹینٹ گور نر منوج سنہا نے ٹویٹر پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کیا تھا ۔کرفیو سنیچر کی شب آتھ بجے سےسوموار کی صبح چھ بجے تک لاگو رہے گا ۔
یاد رہے کہ موں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2030 نئے معاملات سامنے آئے ہیں نیز اس وبا سے متاثر 15 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
سرکاری ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے2030 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 1196 کا تعلق کشمیر صوبے سے اور 834 کا تعلق جموں صوبے سے ہیں اور اس طرح اب تک سامنے آنے والے مثبت معاملات کی کل تعداد 1,58,374 تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 15 کووڈ مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے جن میں سات کا تعلق صوبہ جموں اور آٹھ کا تعلق کشمیر صوبہ سے ہے۔
حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں اب تک نوول کورونا وائرس کے 1,58,374 معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 18,064 سرگرم معاملات ہیں۔
اب تک 1,38,184 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔جموں وکشمیر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2,126 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 1,323 کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور 803 کا تعلق جموں صوبہ سے ہیں۔
اس دوران ہفتے کو مزید 944 فراد شفایاب ہوئے ہیں جن میں جموں صوبے کے360 افراد اور کشمیر صوبے کے 584 افراد شامل ہیں۔
بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک 70,01,906 ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 24 اپریل 2021 کی شام تک 68,43,532 نمونوں کی رپورٹ منفی پائی گئی ہے۔





