کشمیر: چار روز سے موسمی حالات مسلسل ناساز، 23 اپریل تک موسم خراب رہنے کی پیش گوئی

کشمیر: چار روز سے موسمی حالات مسلسل ناساز، 23 اپریل تک موسم خراب رہنے کی پیش گوئی

سری نگر/ وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق گذشتہ چار روز سے موسم مسلسل ناساز ہے اور میدانی علاقوں بارشوں اور بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے۔ تاہم ہفتے کو دن میں کئی بار آفتاب بھی گہرے بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔

ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 23 اپریل تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں موسم میں قدرے بہتری واقع ہوگی اور 19 اور 20 اپریل کو کہیں کہیں بارشیں ہوں گی لیکن اس کے بعد 21 اور 22 اپریل کو ایک بار پھر موسلا دھار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 23 اپریل کو بھی کہیں کہیں بارشیں ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔جنوبی کشمیر کے ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.