شوپیان ،ترال آپریشنز ختم ،جھڑپوں میں عسکری کمانڈر سمیت7 جنگجو جاں بحق

شوپیان ،ترال آپریشنز ختم ،جھڑپوں میں عسکری کمانڈر سمیت7 جنگجو جاں بحق
شوپیان/پلوامہ/ جنوبی کشمیر کے شوپیان اور پلوامہ اضلاع میں گزشتہ شب سے جاری جنگجو مخالف آپریشنز اور جھڑپوں میں ایک عسکری کمانڈر سمیت سات جنگجو جاں بحق ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے دونوں اضلاع میں جنگجو مخالف آپریشنز ختم کردئے ۔
ایشین میل کو ملنے والی تفصیلات کے مطابق جنوبی کشمیر کے شوپیان اور ترال علاقوں میں فورسز کے ساتھ دو معرکہ آرائیوں کے دوران سات جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ ان میں سے تین جنگجوگذشتہ شب دیر گئے جبکہ چار آج صبح سے جاری جھڑپوں میں جاں بحق ہوگئے۔

جان محلہ شوپیان میں جھڑپ

 شوپیان میں گذشتہ شام شروع ہوئی معرکہ آرائی آج دو مزید جنگجوﺅں کی ہلاکت پر ختم ہوگئی۔یہاں گذشتہ سہ پہر جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی شروع ہوئی تھی۔
مقامی ذرائع کے مطابق آج صبح سویرے محصور جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین ایک بار پھر گولی باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے سارا علاقہ لرز اٹھا۔
یہ معرکہ آرائی جمعرات کی شام اُس وقت شروع ہوگئی جب فورسز اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے قصبہ کے جان محلہ میں تلاشی کارروائی شروع کی۔
اس دوران چھپے جنگجوﺅں نے فورسز پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین میں باضابطہ معرکہ چھڑ گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق محصور جنگجوﺅں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی گئی جوانہوں نے ٹھکرادی۔

ترال میں خونین معرکہ آرائی

پولیس نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ جنوبی کشمیر کے ترال میں بھی فورسز نے ایک جنگجو مخالف آپریشن کے دوران دو جنگجوﺅں کو جاں بحق کیا۔ پولیس کے مطابق مہلوک جنگجوﺅں میں انصار غزوة الہند نامی تنظیم کا چیف کمانڈر امتیاز شاہ بھی شامل ہے۔
پولیس نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ انصار غزوة الہند کا چیف کمانڈر امتیاز شاہ ترال میں مارے گئے دو جنگجوﺅں میں شامل ہے۔قابل ذکر ہے کہ پولیس نے گذشتہ شام دعویٰ کیا تھا کہ امتیاز شاہ جنوبی قصبہ شوپیان میں جاری فورسز آپریشن کے دوران محصور ہے جہاں ابھی تک معرکہ آرائی میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں۔
یہ معرکہ آرائی ترال قصبہ سے تین کلو میٹر دورنئی بھگ اور امیر آباد کے درمیان کھیت میں جمعہ کی صبح ساڑھے سات بجے کے قریب گولیوں کے تبادلے کے ساتھ ہی شروع ہوگئی تھی
دونوں جھڑپوں میں ایک افسر سمیت چار فورسز اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جائے جھڑپوں سے جاں بحق جنگجوئوں کی نعشیں برآمد کی گئیں جبکہ معرکہ آرائیوں کے مقامات سے ہتھیار اور دیگر قابل اعتراض مواد بھی ضبط کیا گیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.