ترال/ جنوبی ضلع پلوامہ کے قصبہ ترال میں جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان ایک جھڑپ میں دو جنگجو جاں بحق ہوئے جبکہ انسپکٹر جنرل آف پولیس کا وجے کمار کا دعویٰ ہے کہ جھڑپ میں عسکری تنظیم انصار الغزوۃ الہند کا چیف کمانڈر جاں بحق ہوا۔
خبر رساں ادارے کے این او کے مطابق آئی جی پی نے بتایا کہ ترال معرکہ آرائی میں انصار الغزوۃ الہند کے چیف کمانڈر امتیاز شاہ جاں بحق ہوا۔انہوں نے ترال میں جنگجو مخالف آپریشن کو سیکیورٹی فورسز کے لئے بڑی کامیابی قرار دیا ۔
پولیس ترجمان نے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا کہ ترال میں آپریشن جاری ہے ۔ادھر شوپیان کے جان محلہ نامی گائوں میں گزشتہ شب سے جنگجو اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ جاری ہے ۔اس جھڑپ میں اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق تین جنگجو جاں بحق ہوئے جبکہ مزید جنگجوئوں کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔
ایک اطلاع کے مطابق جمعہ کی صبح گائوں میں دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا ،جو وقفے وقفے سے جاری ہے (مزید تفصیلات کا انتظار)