سری نگر/ سابق بیوروکریٹ محمد اشرف میر نے جمعرات کے روز پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کرکے اپنے سیاسی کیرئر کا آغاز کر دیا۔بتادیں کہ محمد اشرف میر جموں وکمشیر حکومت میں کئی کلیدی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون اور سابق ایم ایل اے بشیر احمد ڈار نے موصوف بیوروکریٹ کا پارٹی میں استقبال کیا۔پارٹی کے ایک ترجمان کے بیان کے مطابق پارٹی چیئرمین سجاد غنی لون نے محمد اشرف میر کا استقبال کرتے ہوئے کہا: ’پیپلز کانفرنس محمد اشرف میر صاحب کی انتظامی صلاحیتوں سے کافی فائدہ اٹھائے گی۔ انتظامی و قانونی امور میں ان کی مہارت سے پارٹی کو جموں وکشمیر کے لوگوں کو درپیش قانونی و انتظامی چلینجوں کے تناظر میں کافی مدد ملے گی‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز کانفرنس میں میر صاحب جیسے پیشہ ور لوگوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ جموں وکشمیر کے دانشور طبقے پر ہماری پارٹی کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
بیان کے مطابق محمد اشرف میر نے پیپلز کانفرنس میں شامل ہونے پر کہا کہ پارٹی کے چیئرمین کی بے باکی و خلوص اور پارٹی کی تاریخ و قربانیوں نے مجھے اس میں شمولیت کرنے پر مجبور کیا۔انہوں نے پارٹی کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔
یو این آئی