بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

جنگ بندی سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات بحال ہوں گے: سنجے کلکرنی

سری نگر/ سابق فوجی افسر اور دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) سنجے کلکرنی نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد پر اتفاق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ، کلچر اور دیگر امور میں بھی تعلقات کی بحالی کے لئے راہیں ہموار ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایسا دیکھا جا رہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت دونوں ہندوستان کے ساتھ بات چیت پر زور دے رہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لئے کسی تیسرے فریق کی مداخلت کے بغیر براہ راست مرکز کے ساتھ بات چیت کرنی چاہئے۔

موصوف دفاعی تجزیہ کار نے ان باتوں کا اظہار سری نگر سے شائع ہونے والے ایک انگریزی روزنامے کے ساتھ ایک تفصیلی ‘ویڈیو انٹرویو’ کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کہا: ‘دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدہ دراصل سال 2003 میں طے پایا تھا لیکن اس پر سیاچن سیکٹر کے بغیر کہیں عمل نہیں ہو رہا تھا اب 25 فروری سے اس پر مکمل طور پر عمل ہو رہا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اور کرکٹ، کلچر اور دیگر امور میں بھی تعلقات کی بحالی کے لئے راہیں ہموار ہوں گی۔مسٹر کلکرنی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا یہ سلسلہ اچانک شروع نہیں ہوا ہے بلکہ ماضی میں بھی دونوں ممالک بات چیت کرتے رہے ہیں لیکن اس میں درپردہ کوششوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پہلی بار ایسا دیکھا جا رہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت دونوں بھارت کے ساتھ بات چیت چاہتے ہیں تاکہ جنوبی ایشیا میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے۔


 یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img