سری نگر، 25 مارچ : سری نگر کے مضافاتی علاقہ لاوے پورہ میں جمعرات کو جنگجوئوں کے ایک حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک افسر سمیت دو اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوئوں نے لاوے پورہ میں تعینات سی آر پی ایف کی ایک روڈ اوپننگ پارٹی (آر او پی) پر نزدیک سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے سی آر پی ایف افسر ہسپتال پہنچائے جانے سے قبل ہی دم توڑ گیا جبکہ دیگر تین کو فوری طور پر سری نگر کے فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اور اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
سی آر پی ایف نے مہلوک جوانوں کی شناخت 54 سالہ سب انسپکٹر مانگا دیب برما ساکن تری پورہ اور 36 سالہ کانسٹیبل/ ڈرائیور اشوک کمار ساکن ہماچل پردیش کے طور پر کی ہے۔
زخمیوں کی شناخت کانسٹیبل جگن ناتھ رائے ساکن مغربی بنگال اور کانسٹیبل ناظم علی کے طور پر کی گئی ہے۔
موقع پر پہنچنے والے ایک سی آر پی ایف عہدیدار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حملہ آوروں نے بھاگنے کے لئے گلی کوچوں کا استعمال کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘وہ پوری منصوبہ بندی کر کے آئے تھے۔ ہم ہائی وے پر سکیورٹی کو مزید سخت کریں گے’۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بھی حملے میں ایک افسر سمیت سی آر پی ایف کے دو جوانوں کے مارے جانے اور دیگر تین کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس حملے میں لشکر طیبہ کے جنگجو ملوث ہیں۔
دریں اثنا کشمر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا: ‘آئی جی پی کشمیر اور کشمیر زون پولیس کے تمام دیگر افسران شہید سب انسپکٹر مانگا رام دیو برما اور کانسٹیبل اشوک کمار آف 73 بٹالین کو عظیم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے سری نگر کے لاوے پورہ میں ڈیوٹی دیتے ہوئے عظیم قربانی دی ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہیں’۔
