سری نگر، 12 مارچ : جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے دمہال ہانجی پورہ علاقے میں جمعے کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک فوجی جوان از جان جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دمہال ہانجی پورہ میں جمعے کی صبح فوج کے 9 آر آر کی ایک گاڑی سڑک سے لڑھک کر ایک نالے میں جاگری جس میں موسلا دھار بارشوں کے باعث پانی کا بہاؤ بہت تیز تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں چار فوجی جوان زخمی ہوگئے جنہیں علاج و معالجے کے لئے فوری طور سب ضلع ہسپتال دمہال ہانجی پورہ منتقل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی جوانوں میں سے ایک جوان راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لانے سے دم توڑ گیا تاہم دیگر تین فوجی جوانوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
متوفی جوان کی شناخت 27 سالہ سروش کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمی جوانوں کی شناخت میجر پشپ راجپوت، کیپٹن مالا اور انیل دونے ریال کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا بلاک میڈیکل افسر دمہال ہانجی پورہ ڈاکٹر شگفتہ سلام نے بتایا کہ سب ضلع ہسپتال میں تین فوجی جوانوں کو زخمی حالت میں لایا گیا جن کی حالت مستحکم ہے۔





