جمعرات, جولائی ۱۰, ۲۰۲۵
27.7 C
Srinagar

جموں میں ڈی ڈی سی ممبروں کا احتجاج جاری، مستعفی ہونے کی دھمکی

جموں، 10 مارچ:  جموں وکشمیر کے ڈی ڈی سی ممبروں کا جموں میں سرکار کی طرف سے مقررہ مشاہرے اور پروٹوکال کے خلاف بدھ کو مسلسل دوسرے دن بھی احتجاج جاری رہا۔
احتجاجی ممبروں نے اس سرکاری حکمنامے کو اپنی توہین سے تعبیر کرتے ہوئے اس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سرکار نے حکمنامہ واپس نہیں لیا تو وہ سب مستعفی ہوں گے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر حکومت نے ڈی ڈی سی ممبروں و نو منتخب چیئرمینوں کے لئے ماہانہ مشاہرہ مقرر کیا ہے جس کے مطابق ڈی ڈی سی چیئرمین کو ماہانہ 35 ہزار روپے جبکہ نائب چیئرمین کو ماہانہ25 ہزار روپے اور ڈی ڈی سی ممبر کو ماہانہ 15 ہزار روپے بطور اعزازی مشاہرہ ملیں گے۔
حکومت نے ‘وارنٹ آف پریسی ڈنس’ میں ترمیم کر کے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین کو انتظامیی سکریٹریوں اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کا درجہ دیا ہےجبکہ نائب چیئرمین کو ریاست یا یونین ٹریٹری کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کے برابر رکھا گیا ہے۔
ڈی ڈی سی ممبروں نے بدھ کے روز نمائشی گراؤنڈ جموں میں جمع ہو کر احتجاج درج کیا۔
اس موقع پر تھنہ منڈی راجوری کے ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر، جو ایک سبکدوش کے اے ایس افسر ہیں، نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشاہرے کے لئے نہیں بلکہ پروٹوکال کے لئے احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ بہت سارے وعدے کئے گئے تھے لیکن مذاق ہی تھا کیونکہ ہمیں جو پروٹوکال دیا گیا ہے اس سے ہم لوگوں کے تر قیاتی کام نہیں کر سکتے ہیں۔
موصوف نے کہا کہ جموں وکشمیر میں کافی عرصے سے حالات خراب ہیں اور لوگوں کا سرکار سے بھروسہ اٹھ گیا ہے اب لوگوں نے ہم پر بھروسہ کیا تھا لیکن ہم بھی ان کا کام نہیں کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘اس حکمنامے سے جمہوریت کا خون ہوا ہے اور ہم لوگوں کی خدمت نہیں کرسکیں گے’۔
ضلع ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے ایک ممبر نے کہا کہ ہم مشاہرے کے لئے نہیں بلکہ پروٹوکال کے لئے لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف 280 ممبر سڑکوں پر نہیں ہیں بلکہ یہ سارا جموں وکشمیر سڑکوں پر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی افسر کو فون نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ کوئی ہماری بات ہی نہیں مانے گا۔
کشتواڑ سے تعلق رکھنے والی ایک چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ ہم نے چیئرپرسنز کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ لوگوں کی امیدیں جڑی ہوئی ہیں جب ہمیں پروٹوکال نہیں دیا جائے گا تو ہم عوام کی کس طرح خدمت کر سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ڈی ڈی سی ممبروں نے منگل کے روز حکومت کی طرف سے مقرر کردہ مشاہرے اور پروٹوکال کے خلاف یہاں کنونشن سینٹر کنال روڈ کے باہر احتجاج درج کیا تھا جہاں وہ محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے منعقد ہونے والے دو روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کرنے کے لئے جمع ہوئے تھے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اس پروگرام کے افتتاحی دن مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرنے والے تھے تاہم احتجاج کی وجہ سے پروگرام شروع نہیں ہوسکا تھا۔

یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img