سری نگر،8 مارچ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں گذشتہ شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں 8 دکان، ایک پٹوار خانہ اور 7 خالی کمرے خاکستر ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب آسمانی بجلی گرنے سے ایک دو منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں عمارت کی پہلی منزل میں آٹھ دکان جن میں سے ایک دکان مٹی کے تیل کا تھا، ایک پٹوار خانہ اور سات خالی کمرے خاکستر ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام آٹھ دکانوں کا ساز وسامان اور پٹوار خانے میں رکھا گیا ریکارڈ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مختلف اسٹیشنوں سے آگ بجھانے والے عملے اور مشینری کو جائے واردات پر طلب کیا گیا جنہوں نے کافی مشقت سے آگ کو قابو میں کر لیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
یو این آئی
