سری نگر،5 مارچ : وادی کشمیر میں خوشگوار موسم اور بہار نو کی آمد سے لوگ اور غیر مقامی سیاح محظوظ ہو رہے ہیں۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے وادی میں 6 اور 7 مارچ کو موسم خراب ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں جمعے کی شام تک موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم بعد ازاں 6 اور7 مارچ کو موسم خراب رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے 7 مارچ کو کشمیر شاہراہ پر مٹی کے تودے گرنے کی صورت میں ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل واقع ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا اس دوران وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں جہاں ماہ جنوری میں سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب 31 جنوری کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا وہیں ماہ فروری میں گرمیوں کا 57 سالہ ریکارڈ پاش پاش ہوگیا جب فروری کی ایک شب کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر جمعے کے روز مرمتی کام جاری رہنے کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔
ایک ٹریفک عہدیدار نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر مرمتی کام کے پیش نظر جمعے کے روز حسب سابق ٹریفک کی آمد و رفت کو بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر- لیہہ شاہراہ بھی مسلسل بند ہی ہے۔
اگرچہ اس شاہراہ کو متعلقہ ایجنسیوں نے کافی مشقت کے بعد قابل آمد رفت بنا دیا تھا لیکن 28 فروری کو ہونے والی برف باری سے یہ ایک بار پھر بند ہوگئی۔
بتادیں کہ سری نگر- لیہہ شاہراہ کو یکم جنوری کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا 86 کلو میٹر طویل تاریخی مغل روڈ بھی گذشتہ کئی ماہ سے مسلسل بند ہے۔
یو این آئی-
