سی ایف آئی کی ’کھیلو انڈیا‘ کے اگلے مرحلے میں ‘کرلنگ‘ کو شامل کرنے کی مانگ

سی ایف آئی کی ’کھیلو انڈیا‘ کے اگلے مرحلے میں ‘کرلنگ‘ کو شامل کرنے کی مانگ

سری نگر،2 مارچ : کرلنگ فیڈریشن آف انڈیا( سی ایف آئی) نے ’کھیلو انڈیا‘ کے اگلے ایڈیشن میں ’کرلی‘ جو ایک اولمپک کھیل ہے، کو شامل کرنے کی مانگ کی ہے۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کرلنگ ایسو سی ایشن کو گلمرگ میں ماہ دسمبر میں اولمپک کھیلوں کی قومی چمپئن شپ کی میزبانی کرنے کو کہا گیا۔
فیڈریشن نے یہ فیصلہ مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں منگل کو منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران لیا۔
فیڈریشن کے جنرل سکریٹری محمد دانش نے بتایا کہ ہم مرکزی وزارت کھیل سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ’کھیلو انڈیا‘ کے اگلے مرحلے میں ‘کرلنگ‘ کو بھی شامل کریں کیونکہ یہ ایک اولمپک کھیل ہے جس کو دنیا بھر میں کھیلا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن گذشتہ کئی برسوں سے ملک میں خاص کر ان یونین ٹریٹریز میں جہاں برف باری ہوتی ہے’کرلنگ‘ کھیل کو فروغ دینے کے لئے کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرلنگ فیڈریشن آف انڈیا، ورلڈ کرلنگ فیڈریشن کی سر پرستی میں کوچز اور کھلاڑیوں کے لئے سمیناروں اور ورکشاپس کا انعقاد کرتی ہے۔
مسٹر دانش نے کہا کہ اس اولمپک کھیل کے ’کھیلو انڈیا‘ کھیلوں میں شامل کرنے سے نہ صرف اس کھیل کو بنیادی سطح پر فروغ ملے گا بلکہ کھلاڑیوں کو بھی بین الاقوامی سطح پر اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کرنے کا موقع فراہم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران طے پایا کہ گلمرگ میں ماہ دسمبر میں کرلنگ چمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
قومی فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جموں و کشمیر کرلنگ فیڈریشن ایسو سی ایشن نے کہا کہ ہم کرلنگ فیڈریشن آف انڈیا کا متشکر ہیں کہ انہوں نے ہمیں قومی سطح کی چمپئن شپ کی میزبانی کرنے کا موقع فراہم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس چمپئن شپ سے نہ صرف کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ اس سے ملک بھر میں ایک مثبت پیغام جائے گا جو یہاں زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کے آنے کے لئے ممد و معاون ثابت ہوگا۔
اس میٹنگ میں مختلف ریاستوں و یونین ٹریٹریز بشمول جموں وکشمیر، اتر پردیش، مہاراشٹرہ، راجستھان، بہار اور گجرات کی کرلنگ ایسو سی ایشنز نے شرکت کی۔
یو این آئی- 

Leave a Reply

Your email address will not be published.