بی جے پی کا وزیر اعلیٰ بنتے ہی عارضی ملازموں کو مستقل کیا جائے گا: رویندر رینہ

بی جے پی کا وزیر اعلیٰ بنتے ہی عارضی ملازموں کو مستقل کیا جائے گا: رویندر رینہ

جموں،25 فروری : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں بی جے پی کا وزیر اعلیٰ بنتے ہی سب سے پہلے عارضی ملازموں کی نوکریوں کو مستقل کیا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر کا اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہی ہوگا۔ان کا کہنا تھا گپکار الائنس ناکام ہوئی ہے اور کشمیر وادی میں بھی کنول کے پھول کھلنے لگے ہیں۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار یہاں ایک مقامی نیوز پورٹل کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر میں اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہوگا۔ بی جے پی کی حکومت بنتے ہی سب سے پہلی کیبنٹ میٹنگ میں عارضی ملازموں کی نوکریوں کی مستقلی کے بارے میں پالیسی بنائی جائے گا‘۔ان کا کہنا تھا کہ اٹھائیس محکموں میں کام کرنے والے عارضی ملازموں کو مستقل کیا جائے گا۔
موصوف نے کہا کہ کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی حکومتوں نے ان نوجوانوں کو ڈھائی سو روپیہ یا پانچ سو روپیوں پر مختلف محکموں میں رکھ کر انہیں رسوا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان عارضی ملازموں کی کوئی حاضری نہیں ہوتی تھی لیکن ہماری حکومت نے ان کو سرکاری ملازموں کے بطور رجسٹر کیا ہے۔
اودھم پاسنگ آؤٹ تقریب کے بارے میں عمر عبداللہ کے بیان کے متعلق مسٹر رینہ نے کہا: ’بی جے پی کے ہر کارکن کے دل میں بھارت بستا ہے۔ ان سب انسپکٹروں اور ڈی ایس پیز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں، میں نہ جاؤں گا تو اور کون جائے گا۔ عمر عبداللہ اس قسم کی تقریبوں میں جاتے ہی نہیں ہیں لیکن جب میں جاتا ہوں تو انہیں تکلیف ہوتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کو چاہئے تھا کہ وہ ان کو مبارکبادی دیتے اس کے بجائے کہ میری اس تقریب میں شرکت پر سوال اٹھاتے۔
کشمیر میں ملی ٹنسی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف صدر نے کہا: ’کشمیر میں سیکورٹی فورسز قابل تعریف کام کر رہے ہیں لیکن پاکستان گذشتہ تیس برسوں سے لگاتار خلل ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.