کرشنا ڈھابہ کے مالک پر حملہ کرنے والے جنگجوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے: وجے کمار

کرشنا ڈھابہ کے مالک پر حملہ کرنے والے جنگجوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے: وجے کمار

سری نگر،19  فروری :کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ سری  نگر کے ڈلگیٹ علاقے میں واقع کرشنا ڈھابہ کے مالک پر حملہ کرنے والے تینوں جنگجوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملہ جنوبی کشمیر میں سرگرم جنگجو کمانڈرغازی کے اشاروں پر کیا گیا تھا تاکہ اس علاقے میں غیر ملکی سفارتکاروں کی آمد کے موقع پرسیاحوں میں دہشت پھیل جائے۔
بتادیں کہ سری نگر کے ہائی سکیورٹی زون سونہ وار علاقے میں 17جنوری کی شام نامعلوم اسلحہ برداروں نے  مشہور کرشنا ڈھابہ کے مالک آکاش مہرا ولد رمیش کمار مہرا نامی ایک 22 سالہ نوجوان پر گولیاں چلائیں تھیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا تھا۔
موصوف انسپکٹر جنرل نے جمعے کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران اس واقعے کے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔
انہوں نے کہا: ’شام کا وقت تھا ہمارا سارا فوکس للت ہوٹل پر تھا(جہاں غیر ملکی سفارتکار قیام پذیر تھے) کہ سوا سات بجے کے قریب ایک موٹر سائیکل پر تین نوجوان ڈلگیٹ میں نمودار ہوئے اور وہ تینوں موٹر سائیکل سے نیچے اتر گئے وہ کرشنا ڈھابہ کے کوائنٹر کے پاس گئے اور ان میں سے ایک نے پستول نکالی اور گولی چلائ کر کرشنہ ڈھابے کے مالک کو زخمی کر دیا اور پھر وہ تینوں موٹر سائیکل پر بیٹھ کر جائے موقع  سے بھاگ گئے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سیکورٹی گرڈ کے لئے ایک حساس معاملہ ہے کیونکہ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں سیاح کافی تعداد میں جمع ہوکر کھاتے پیتے ہیں۔
مسٹر کمار نے کہا کہ سری نگر پولیس نے اننت ناگ پولیس کے ساتھ  مل کر کام کرکے کچھ ذرائع پر کارروائی کرکے اس حملے میں ملوث دو نوجوانوں کو گرفتار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدہ دو نوجوانوں نے تفتیش کے دوران تیسرے بندے کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا جس کو بعد میں گرفتار کیا گیا۔
موصوف نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار شدگان کی تحویل سے اس جرم میں استعمال ہونے والے پستول اور موٹر سائیکل کو ضبط کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا: ’ان تینوں نے حال ہی میں جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی اور ان میں سے ایک کو پہلگام کے جنگلات میں پستول چلانے کی تربیت دی گئی تھی ‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے دو کو پامپور جبکہ ایک کو پلوامہ سے گرفتار کیا گیا۔
مسٹر کمار نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں سرگرم لشکر طیبہ کمانڈر غازی نے ان تینوں جنگجوؤں کو یہ حملہ کرنے کے لئے اکسایا تھا تاکہ  غیر ملکی سفارتکاروں کی آمد کے موقع پر سیاحوں میں دہشت پھیل جائے۔انہوں نے کہا کہ کرشنا ڈھابے پر ہمیشہ سیاحوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے اور یہ ڈھابہ ہڑتال میں بھی کھلا رہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تینوں نے اقبال جرم کیا ہے اور ان کے بیانات کی ویڈیو ریکارڈ نگ کی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں موصوف نے کہا کہ ٹورسٹ سیزن کے پیش نظر سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا جائے گا، سری نگر کے مصروف علاقوں میں اضافی سیکورٹی کا بندوبست کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر مزید بنکروں کی تعمیر بھی کی جاسکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.