سری نگر کے برزلہ باغات میں جنگجوؤں کی پولیس پر فائرنگ، دو اہلکار ہلاک

سری نگر کے برزلہ باغات میں جنگجوؤں کی پولیس پر فائرنگ، دو اہلکار ہلاک

سری نگر، 19 فروری :سری نگر کے برزلہ باغات علاقے میں جمعے کو جنگجوؤں نے پولیس کی ایک پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں نے جمعے کو سری نگر کے باغات برزلہ میں تعینات پولیس کی ایک پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور علاج ومعالجے کے لئے برزلہ میں ہی واقع ہڈیوں و جوڑوں کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ وہاں سے ایک پولیس اہلکار سہیل احمد کو شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) ریفر کیا گیا جہاں وہ زخمی کی تاب نہ لاکر چل بسے جبکہ بعد ازاں دوسرے زخمی اہلکار محمد یوسف نے یہاں پولیس ہسپتال میں دم توڑ دیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس ڈاکٹر نذیر چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سہیل احمد شدید زخمی ہوئے تھے اور وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے۔
حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے۔
کشمیر زون پولیس نے واقعے کے متعلق اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: ‘دونوں زخمی پولیس اہلکار سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد یوسف ساکن زرہامہ کپوارہ اور کانسٹیبل سہیل احمد ساکنہ لوگری پورہ عشمقام شہادت پا گئے ہیں۔ ہم ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں’۔
قبل ازیں ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ‘جنگجوؤں نے سری نگر کے برزلہ علاقے میں پولیس کی ایک پارٹی پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ انہیں علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.