کشمیر: خوشگوار موسم کے بیچ برف وباراں کی پیش گوئی

کشمیر: خوشگوار موسم کے بیچ برف وباراں کی پیش گوئی

سری نگر، وادی کشمیر میں کئی دنوں سے جاری خوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 22 فروری کی شام سے موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث وادی میں 27 فروری تک موسم خراب رہنے کا ا مکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران وادی میں 22، 23، 26 اور 27 فروری کو ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
دریں اثنا وادی میں جمعے کے روز بھی موسم خوشگوار رہا اور دن بھر خوش کن دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو پارکوں، دکانوں کے تھڑوں اور دیگر مقامات پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
وادی میں موسم میں بہتری کے ساتھ جہاں کسانوں نے اپنے کھیتوں ار باغوں میں کام کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے وہیں دوسری طرف دفاتر و دیگر کام کی جگہوں پر گرمی کے آلات کا استعمال بھی بند ہونے لگا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published.