ہفتہ, جولائی ۵, ۲۰۲۵
25.1 C
Srinagar

غیر ملکی سفارتکاروں کا چوتھا وفد سری نگر وارد

سری نگر/ 22 ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارتکاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر بدھ کی صبح سری نگر پہنچ گیا ہے۔

یہ وفد جموں و کشمیر میں خصوصی پوزیشن کے خاتمے کے بعد آنے والی تبدیلیوں کا مطالعہ کرنے کے علاوہ سرکاری سطح پر منتخب سیاسی و سول سوساٹئی ڈیلی گیشنوں، تاجروں، صحافیوں، بی ڈی سی، ڈی ڈی سی اور ایس ایم سی اراکین کے ساتھ ملاقات کرے گا۔

وفد کا سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روایتی کشمیری گانے ‘روف’ سے خیر مقدم کیا گیا جس کے بعد انہیں ضلع بڈگام لے جایا گیا جہاں وہ پنچایتی اراکین سے ملے۔

بتادیں کہ مرکزی حکومت کی طرف سے جموں کشمیر کو دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی تنسیخ اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے پانچ اگست 2019 کے فیصلوں کے بعد یہ کسی غیر ملکی وفد کا چوتھا دورہ کشمیر ہے۔

قبل ازیں 23 ارکان پر مشتمل پہلا یورپی وفد 29 اکتوبر 2019 کو وادی کے زمینی حالات کا جائزہ لینے کے لئے وارد وادی ہوا تھا، 15 غیر ملکی سفارتکاروں پر مشتمل دوسرا وفد 9 جنوری 2020 کو وارد وادی ہوکر حکومتی چنندہ وفود و صحافیوں سے ملاقی ہوا تھا اور محض ایک ماہ بعد 12 فروری 2020 کو 25 غیر ملکی سفارتکاروں پر مشتمل تیسرا وفد جموں و کشمیر کے دورے پر آیا تھا۔

غیر ملکی سفارتکاروں کے وفد کا یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب بیشتر علیحدگی پسند رہنما پچھلے قریب دو سال سے لگاتار تھانہ یا خانہ نظر بند ہیں جبکہ کئی مین سٹریم لیڈران کو بھی مختلف سکیورٹی ایجنسیوں نے بند رکھا ہے۔

 

 

Popular Categories

spot_imgspot_img