ایم پی میں دلخراش بس حادثہ، اب تک 39 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق

ایم پی میں دلخراش بس حادثہ، اب تک 39 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق
سیدھی: مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی میں پیش آنے والے دلخراش بس حادثہ میں اب تک 39 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب 50 مسافروں سے بھری ہوئی ایک بس نہر میں گر گئی۔ چار مسافروں کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا تھا اور 39 لاشیں اب تک برآمد ہو چکی ہیں۔

یو این آئی کے مطابق پولیس ذرائع نے ابتدائی اطلاعات کے حوالے سے بتایا کہ مسافر بس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے۔ بانساگر ڈیم سے منسلک اس نہر میں 20 فٹ سے زیادہ پانی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی کلکٹر رویندر کمار چودھری فورسز کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں اور راحت و بچاؤ کاروائیاں شروع کردی گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ ضلع صدر مقام سے 80 کلومیٹر دور پیش آیا اور کچھ مسافروں کو نکال کر نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ بس صبح سیدھی سے روانہ ہوئی تھی اور ستنا جارہی تھی۔ صبح تقریباََ آٹھ بجے چھوہیا وادی میں جام کی وجہ سے بس نزدیکی دوسرے راستے سے ستنا کے لئے روانہ ہوئی اور بانساگر ڈیم پروجیکٹ کی نہر میں جا گری۔

حادثہ کے بعد وزیر اعلیی شیوراج چوہان نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو 5-5 لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں، انہوں نے دو وزرا کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا ہے تاکہ امدادی کاموں کو بروقت انجام دیا جا سکے۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے شیوراج چوہان سے فون پر گفتگو کی اور ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ امت شاہ نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع میں ہوا بس حادثہ افسوس ناک ہے، میں نے وزیر اعلیٰ شیوراج سے بات کی ہے۔ مقامی انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے لیے ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ میں ہلاک شدگان کے جلد صحت یاب ہونے کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published.