کشمیر میں موسم مسلسل خوشگوار، 21 فروری تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی

کشمیر میں موسم مسلسل خوشگوار، 21 فروری تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی

سری نگر/ وادی کشمیر میں موسم مسلسل خوشگوار رہنے سے جہاں لوگ راحت محسوس کر رہے ہیں وہیں شدید سردیوں کے باعث بند پڑے تعمیراتی کام بحال ہونے لگے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 21 فروری تک موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ وادی میں 21 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے اور دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ درج ہوگا۔

دریں اثنا وادی میں منگل کے روز بھی موسم خوشگوار رہا اور دن بھر خوش کن دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو دکانوں کے تھڑوں، پبلک پارکوں اور دیگر جگہوں پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

وادی میں شدید سردیوں کے باعث بند پڑے تعمیراتی کام بحال ہونے لگے ہیں جس سے مزدوروں کہ روزی روٹی کا انتظام ممکن ہوسکا ہے۔بتادیں کہ چلہ کلان کے دوران شدید سردیوں کے باعث وادی میں تعمیراتی کام مکمل طور پر بند ہوگئے تھے۔

متعلقہ محکمہ کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بتادیں کہ سری نگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کو تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.