ٹول کٹ کیس:دشا روی کے بعد اب نکتا جیکب کی تلاش میں دہلی پولیس ، غیرضمانتی وارنٹ جاری

ٹول کٹ کیس:دشا روی کے بعد اب نکتا جیکب کی تلاش میں دہلی پولیس ، غیرضمانتی وارنٹ جاری
کسان آندولن کو لے کر ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ کی جانب سے ٹویٹر پر شیئر کئے گئے ٹول کٹ کے معاملہ میں دہلی پولیس نے اس کو تیار کرنے والے ملزمین پر شکنجہ کسنا شروع کردیا ہے ۔ دہلی پولیس کی جانب سے ماحولیاتی کارکن دشا روی کوگرفتار کیا گیا ہے ۔ وہیں اب دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے اس کیس میں ایک اور ملزم نکتا جیکب کے خلاف کورٹ سے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کروایا ہے ۔ نکتا جیکب پیشہ سے وکیل ہیں اور اس معاملہ میں فرار بتائی جارہی ہیں ۔

دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کے ذرائع کے مطابق 11 فروری کو نکتا جیکب کے گھر اسپیشل سیل کی ٹیم تلاش کرنے گئی تھی ۔ یہ ٹیم ان کے موبائل فون اور الیکٹرانک ڈیوائس کی جانچ کرنے گئی تھی ۔ اس دن شام کا وقت ہونے کی وجہ سے ان سے پوچھ گچھ نہیں ہوسکی تھی ۔ نکتا سے اسپیشل سیل نے دستاویز پر دستخط کروایا تھا کہ وہ جانچ میں شامل ہوں گی ، لیکن اس کے بعد نکتا انڈرگراونڈ ہوگئیں ۔

دہلی پولیس کے مطابق نکتا جیکب خالصتان نظریہ سے متاثر ہیں ۔ نکتا جیکب نے کناڈا کے پنیت نام کے شخص سے بھی رابطہ کیا تھا ۔ 26 جنوری سے چار دن پہلے نکتا اور دیگر کی زوم ایپ پر میٹنگ بھی ہوئی تھی ۔ خالصتان تنظیم سے وابستہ پائنٹ فار جسٹس کے ایم او دھالیوال نے اپنے کناڈا میں رہ رہے ساتھی پنیت کے ذریعہ نکتا جیکب سے رابطہ کیا تھا ۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ یوم جمہوریہ سے پہلے ٹویٹر پر ہلچل پیدا کی جائے ۔

بتایا گیاہے کہ نکتا جیکب پہلے بھی ماحولیات سے وابستہ ایشوز اٹھاتی رہی ہیں ۔ یوم جمہوریہ سے پہلے ہوئی زوم میٹنگ میں ایم او دھالیوال ، نکتا اور دشا کے علاوہ دیگر لوگ شامل ہوئے تھے ۔ ایم او دھالیوال نے اس دوران کہا تھا کہ ایشو کو بڑا بنانا ہے ۔ ان کا مقصد کسانوں کے درمیان عدم اطمینان اور غلط جانکاری پھیلانا تھا ۔ یہاں تک کہ کسان کی موت کو پولیس کی گولی سے ہوئی موت بتایا گیا تھا ۔

یوم جمہوریہ کے موقع پر تشدد کے بعد بین الاقوامی سلیبریٹیز اور کارکنان سے رابطہ کیا گیا تھا ۔ چونکہ دشا ، گریٹا تھنبرگ کو جانتی تھی ، اس لئے ان کی مدد لی گئی ۔ نکتا کے گھر بھی اسپیشل سیل کی ٹیم گئی تھی ۔ ان کے الیکٹرانک گیزیٹس کی جانچ کی گئی ہے ۔ اس وقت شام ہوگئی تھی ، اس لئے نکتا سے پوچھ گچھ نہیں کی گئی تھی ۔ ٹیم نے کہا تھا کہ وہ کل پھر آئے گی ، لیکن جب اگلے دن اسپیشل سیل کی ٹیم نکتا کے یہاں پہنچی تو وہ غائب تھی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.