سری نگر،// شمالی کشمیر کے دو اضلاع بانڈی پورہ اور بارہمولہ میں ہفتے کے روز ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے چیئرپرسنوں اور نائب چیئرپرسنوں کے انتخابات میں اولذکر ضلعے میں پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ نے دونوں عہدے حاصل کئے جبکہ آخرالزکر ضلعے میں آزاد امیدوار نے چیئرپرسن کے عہدے کو اپنے نام کر دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار عبدالغنی بٹ، جنہوں نے نائید کھائی سمبل نسشت سے اپنی پارٹی کی امیدوار فردوسہ اختر کو شکست دی تھی، کو ڈی ڈی سی چیئرمین منتخب کیا گیا۔فردوسہ اختر سابق ایم ایل اے بانڈی پورہ عثمان مجید کی اہلیہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ میں ڈی ڈی سی نائب چیئرپرسن کا عہدہ پی ڈی پی امیدوار کوثر شفیق نے حاصل کیا جنہوں نے گنستان سمبل ڈی ڈی سی نشست سے ایک آزاد امیدوار طاہر القادری کو ہرایا تھا۔
ضلع بارہمولہ میں آزاد امیدوار سفینہ بیگ کو ڈی ڈی سی چیئرپرسن منتخب کیا گیا جبکہ پیپلز کانفرنس کے ثنا واللہ پرے نے نائب چیئر پرسن کا عہدہ حاصل کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سفینہ بیگ جنہیں اپنی پارٹی اور پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل تھی، نے دس ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کی حریف پی ڈی پی کی قرۃ البشیر نے صرف چار ووٹ حاصل کئے۔
نائب چیئرپرسن عہدے کے لئے دونوں امیدواروں ثناواللہ پرے اور عرفان حفیظ لون نے سات سات ووٹ حاصل کئے جس کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعے نائب چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔