جموں میں ہوم گارڈز کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج

جموں میں ہوم گارڈز کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج

جموں/ سرمائی دارلحکومت جموں میں پیر کے روز ہوم گارڈس اہلکاروں نے ہاتھوں میں خالی کٹورے اٹھا کر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج درج کیا۔
احتجاجی اپنے مطالبات کے حق میں جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔

اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے دفعہ 370 ہٹانے کے بعد ہمیں خوشی ہوئی تھی کہ ان ہمارے مسائل کو حل کیا جائے گا لیکن آج تک ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 27 سو ماہانہ تنخواہوں پر کام کرتے ہیں جس سے ہمارے گھر کا گذارہ نہیں چلتا ہے۔موصوف نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں بھی ملک کی باقی ریاستی کی طرح منیمیم ویجز دئے جائیں تاکہ کم سے کم ہم اپنے عیال کی کفالت کر سکیں۔

جاوید اقبال نامی ایک احتجاجی نے کہا کہ سال 2015 میں عدالت عظمیٰ نے ہمارے حق میں ایک حکمنامہ جاری کیا تھا لیکن اس کو چھ برس بیت جانے کے بعد بھی لاگو نہیں کیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم آج وردیوں میں ملبوس سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ روا رکھی جا رہی نا انصافی کو دور کیا جانا چاہئے۔ہوم گارڈ ویلفئر ایسو سی ایشن کی صدر کمل شرما نے میڈیا کو بتایا کہ ہماری لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل ہے کہ بجٹ سیشن کے دوران ہمارے مسائل کا خیال رکھیں اور ہمارے حق میں جو عدالت عظمیٰ نے حکمنامہ جاری کیا ہے اس کو لاگو کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ماہ میں نو دن ڈیوٹی دینی پڑتی ہے باقی اکیس دن ہم کہاں جائیں گے لہذا ہمیں سال بھر ڈیوٹی لگ جانی چاہئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف میک ان انڈیا اور ڈیجیٹل انڈیا کی باتیں کی جا رہی ہیں جب کہ دوسری طرف ہم خالی کٹورے لے کر سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوئے ہیں۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.