اتوار, جولائی ۶, ۲۰۲۵
22.9 C
Srinagar

سانبہ: 65 سالہ معمر خاتون کی اجتماعی عصمت دری کا معاملہ حل، تین ملوثین گرفتار

جموں،// جموں و کشمیر پولیس نے ضلع سانبہ میں رواں برس 12 جنوری کو پیش آنے والے ایک 65 سالہ معمر خاتون کی اجتماعی عصمت دری کے معاملے کو حل کرتے ہوئے تین ملوثین کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی سانبہ راجیش شرما نے جمعے کو سانبہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘بارہ جنوری کو ایک 65 سالہ خاتون اپنے ایک رشتہ دار کے ساتھ ایک تحریری درخواست لے کر پولیس تھانہ وجے پور آئیں۔ درخواست میں لکھا تھا کہ معمول کی طرح جب وہ بارہ جنوری کو صبح چھ بجے راہیہ – سوچانی روڈ پر مارننگ واک کے لئے نکلیں تو دو لوگ ایک نامعلوم گاڑی سے اترے اور مجھے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے’۔
انہوں نے درخواست کا متن پڑھتے ہوئے کہا: ‘اس کے بعد ایک نامعلوم جگہ پر لے گئے اور وہاں پر میرے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔ اس کے بعد انہوں نے مجھے چھوڑ دیا اور دھمکی دی کہ آپ نے یہ کسی کو نہیں بتانا ہے۔ انہوں نے میرے سر پر بھی وار کیا’۔
ایس ایس پی نے کہا کہ اس تحریری درخواست پر پولیس تھانہ وجے پور میں زیر دفعات 376 اور 323 مقدمہ درج کر لیا گیا۔
انہوں نے کہا: ‘متاثرہ خاتون کا میڈیکل ٹیسٹ کرانے کے بعد خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ یہ ایک بلائنڈ کیس تھا۔ جرم کرنے والے نامعلوم تھے۔ ان کی گاڑی بھی نامعلوم تھی’۔
راجیش شرما نے کہا: ‘پولیس نے کوئی وقت ضائع کئے بغیر اس علاقے میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی۔ علاقے میں ہونے والی کالنگ تفصیلات حاصل کی گئیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریکی بینی سے جائزہ لینے اور اپنی ہیومن انٹیلی جنس کو استعمال کرنے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ جرم کے ارتکاب میں سیاہ رنگ کی بلیرو گاڑی استعمال ہوئی ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘ہم نے سانبہ، کٹھوعہ اور جموں اضلاع کی تمام سیاہ رنگ کی بلیرو گاڑیوں کی تفصیلات اے آر ٹی اووز دفاتر سے حاصل کیں۔ یہ سب کرنے کے بعد ہم ملوثین کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ تفتیش کے دوران ہمیں معلوم ہوا ہے کہ اس جرم کو چار سے پانچ لوگوں نے انجام دیا ہے۔ اس میں کچھ لوگ براہ راست اور کچھ بلواسطہ طور پر ملوث ہیں’۔
انہوں نے مزید کہا: ‘تین افراد جو اس جرم میں ملوث ہیں، گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ ان کی شناخت محمد انور، محمد شوکت اور محمد دین کے طور پر ہوئی ہے۔ اس معاملے میں مزید گرفتاریاں جلد عمل میں لائی جائیں گی۔ ان لوگوں کی گرفتاری کے ساتھ یہ معاملہ پوری طرح سے حل ہو چکا ہے’۔
یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img