جمعہ, جولائی ۴, ۲۰۲۵
32.4 C
Srinagar

جموں میں مہلوک اے ٹی ایم گارڈ کے اہلخانہ کا احتجاج

جموں/ ضلع جموں کے نانک نگر میں جمعرات کی شب مبینہ طور پر قتل کئے جانے والے ایک اے ٹی ایم محافظ کے رشتہ داروں اور ہمسایوں نے جمعہ کے روز یہاں احتجاج درج کیا۔

احتجاجی سرکارسے قاتلوں کی گرفتاری اور لواحقین کو مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔بتادیں کہ نانک نگر کے سیکٹر 13 میں جمعرات کی شب قریب دس بجے ایک اے ٹی ایم محافظ کو گارڈ کمرے میں مردہ پایا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ گارڈ جس کی شناخت راجیو شرما ولد گلو رام ساکن نیو پلاٹ جموں کے بطور ہوئی ہے،کی لاش خون میں لت پت تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ مہلوک گارڈ کے درجنوں رشتہ داروں اور ہمسایوں نے جمعے کی صبح یہاں احتجاج درج کیا۔

انہوں نے بتایا کہ احتجاجیوں نے نیو پلاٹ روڈ کو بند کرکے اس معاملے میں تحقیقات کرانے اور لواحقین کو مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ مہلوک گارڈ سات بہنوں کا اکلوتا بھائی اور اپنے عمر رسیدہ اور بیمار والدین کا واحد سہارا تھا اور اس کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بچے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے حکومت سے لواحقین کے حق میں مالی امداد اور کنبے کے ایک فرد کو بینک میں نوکری دینے کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔


یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img