لاوے پورہ تصادم کے مہلوکین جنگجویانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے: وجے کمار

لاوے پورہ تصادم کے مہلوکین جنگجویانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے: وجے کمار

سری نگر،/ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا ہے کہ لاوے پورہ تصادم میں ہلاک ہونے والے تین نوجوان جنگجویانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور پولیس مہلوکین کے اہلخانہ کو اس سلسلے میں عنقریب ٹھوس شواہد فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا پروٹوکال کے پیش نظر مہلوک جنگجوؤں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا جا رہا ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں ’روڈ سیفٹی ہفتے‘ کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔

انہوں نے کہا: ’لاوے پورہ تصادم کے سلسلے میں ہم نے 60 فیصد شواہد جمع کئے ہیں اور آنے والے دنوں میں تکنیکی سمیت مزید شواہد جمع کئے جائیں گے اور ہم پہلے مہلوکین کے اہلخانہ کو ثبوت فارہم کریں گے کہ ان کے بچے جنگجویانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور جنگجوؤں کو منطقی مدد فراہم کرتے تھے‘۔

مہلوکین میں سے ایک کے اہلخانہ کی طرف سے لاش کے مطالبے کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر کمار نے کہا: ’کورونا کے پیش نظر مہلوک جنگجوؤں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا جا رہا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ اگر لاشوں کو لواحقین کے حوالے کیا جا تا ہے تو جنازوں میں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوجاتی ہے جس سے کوروان پروٹوکال کی خلاف ورزی ہوجاتی ہے جو لوگوں کے لئے ایک خطرہ بن جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہلوک جنگجوؤں کی لاشوں کو اہلخانہ کی موجودگی میں دفن کیا جاتا ہے۔موصوف نے کہا کہ کچھ عرصہ سے نوجوانوں کو پستول اور گرینیڈ فراہم کرکے جنگجو اعانت کار بن جانے کے لئے تیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ہم نے ضلع اننت ناگ سے ایک نوجوان کو ایک پستول اور ایک گرینیڈ سمیت گرفتار کیا جس کو یہ ہتھیار کسی کو مارنے کے لئے دئے گئے تھے۔مسٹر کمار نے کہا کہ پولیس اس پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

تادیں کہ لاوے پورہ سری نگر میں 30 دسمبر کو ہونے والے تصادم میں تین نوجوان ہلاک ہوئے تھے۔فوج نے مہلوک نوجوانوں کو جنگجو قرار دیا تھا جبکہ مہلوکین کے اہلخانہ کا دعویٰ تھا کہ مہلوکین بے قصور ہیں جن میں سے دو طلاب علم تھے۔


سیاسی جماعتوں بشمول نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، اپنی پارٹی، سی پی آئی ایم نے اس انکوائنٹر میں عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.