‘شدید برفباری کا مطلب تباہی یا ڈیزاسٹر نہیں’ 

‘شدید برفباری کا مطلب تباہی یا ڈیزاسٹر نہیں’ 

موسم کی خرابی کے پیش نظر احتیاطی طور اشیاءضروریہ کی تقسیم کاری کو محدود کرنے کی ہدایت دی گئی:صوبائی کمشنر کشمیر

کے این ایس

سرینگر/صوبائی کمشنر کشمیر ،پی کے پولے نے کہا ہے کہ شدید برفباری کا مطلب تباہی یا ڈیزاسٹر نہیں ہوتا ہے ،لہٰذا لوگوں کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ موسم کی خرابی کے پیش نظر احتیاطی طور اشیاءضروریہ کی تقسیم کاری کو محدود کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

کے این ایس کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ وادی بھر میں جاری شدید برفباری کے دوران ایندھن ، ایل پی جی اور دیگر اشیاءضروریہ کو’احتیاطی تدابیر‘کے طور پر محدود فراہم کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہرکوئی بھاری برفباری کا مطلب تباہی یا ڈیزاسٹر نہیں ہوتا ہے۔

ڈویڑنل کمشنر کشمیر نے کہا کہ ہمارے پاس کسی چیز کی کمی نہیں ہے تاہم اسٹاک خود کفیل ہونے کے باوجود بھی احتیاطی طور پر اشیاءضروریہ کی محدود فراہمی کا حکم جاری کیا گیا ہے اور موسم کی خرابی یا کسی بھی ممکنہ مشکلات کے پیش و نظر اس طرح کے احتیاطی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے خصوصی طور پر دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ شدید برفباری دیکھتے ہوئے نہ گھبرائیں جبکہ ساتھ ہی میں انہوں نے کہا کہ زیادہ تر آبادی دیہی علاقوں میں آباد ہے اور بیشتر لوگ زراعت اور باغبانی شعبے پر انحصار کرتے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ موجودہ برفباری ان کے مفاد میں ہے جس سے آنے والے سیزن میں ان کی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔

ڈویڑنل کمشنر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ برفباری کے پیشِ و نظر بجلی پر چلنے والے آلات کا استعمال بند کردیں تاکہ بجلی کی بچت ہوسکے جبکہ انہوں نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ اپنے احاطے میں گاڑیاں کھڑی کریں اور سڑکوں کے کناروں پر انکو پارک نہ کریں کیونکہ برف ہٹانے کے دوران منسلک اداروں کے اہلکاروں کو مشنری سمیت زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ڈویڑنل کمشنر کا مزید کہنا تھا میں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو سخت ہدایات دی ہے کہ وہ لازمی محکموں جن میں پی ڈی ڈی ، آر اینڈ بی ، پی ایچ ای ، آر ڈی ڈی اور میونسپل کمیٹیاں وغیرہ شامل ہیں میں تعینات ملازمین اور افسران کی حاضری کو ہر صورت میں ممکن بنائے جبکہ ایشاءخوردنی کی فراہمی کو یقینی بنائے کےلئے موثر اور مناسب اقدامات اٹھائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکام نے پہلے ہی مٹن بیچنے والےقصابوں کی جانب سے خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لیا ہے اور انہیں یہ شکایتیں موصول ہوئی ہیں کہ وہ اونچے نرخ ناموں پر گوشت فروخت کررہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد مٹن کی مناسب ریٹ مقرر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے قصابوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ڈویڑنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کے این ایس کو مزید بتایا کہ ہم نے تمام متعلقہ تحصیلدار اور ٹی ایس اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ قمیتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لئے تمام اضلاع اور تحصیلوں ہیڈکوارٹروں پر مارکیٹ چیکنگ ہنگامی بنیادوں پر کریں اور بعد میں متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کو اس بارے میں مکمل رپورٹ پیش کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.