تیسرادن:برفباری کا سلسلہ جاری ،طیارے گرائونڈ،شاہرائیں بند

تیسرادن:برفباری کا سلسلہ جاری ،طیارے گرائونڈ،شاہرائیں بند
سرینگر//وادی کشمیر میں برفباری کے تیسرے روز منگل کو پروازیں معطل ہوئی ہیں جبکہ سرینگر ۔جموں شاہراہ بھی لگاتار بند ہے۔نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق آج صبح سے موسم کی شدید خرابی کے باعث سرینگر ہوائی اڑے سے کسی طیارے نے اُڑان نہیں بھری اور نہ کوئی طیارہ سرینگر آسکا۔حکام نے کئی اُڑانوں کو منسوخ یا ملتوی کیا ہے۔

اس دوران سرینگر۔جموں شاہراہ بھی بند پڑی ہے اور اس طرح وادی کشمیر باقی ماندہ دنیا سے کٹ کر رہ گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق وادی کے اطراف و اکناف میں شاہراوںاور رابطہ سڑکوں پر بھاری برف جمع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں8سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 29.8سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق وادی کے طول و عرض میں صبح سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آنے والے24گھنٹوں کے دوران مزید برفباری کا امکان ہے تاہم 6جنوری سے موسم میں بہتری کی توقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.