سری نگر/ سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے جمعرات کی شام سری نگر کے سرائے بل علاقے میں نامعلوم اسلحہ برداروں کے ہاتھوں ایک معروف سنار کی ہلاکت کی پر زور مذمت کی ہے۔
بتادیں کہ سری نگر کے سرائے بل علاقے میں جمعرات کی شام نا معلوم بندوق براداروں نے معروف سنار ستہ پال نسچل کو دکان کے اندر ہی گولیاں بر سا کر ہلاک کر دیا۔
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جمعے کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’انتہائی افسوس ناک اور بدقسمتی کی بات ہے۔ اس قسم کے تشدد کا کوئی جواز ہی نہیں ہوسکتا ہے۔ مرحوم کی روح کے سکون اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لئے دست بدعا ہوں‘۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: ’سری نگر میں ایک بے گناہ شخص کی بہیمانہ ہلاکت کی مذمت کرتی ہوں۔ ایک مہذب معاشرے میں تشدد کو کوئی جگہ نہیں ہوتی ہے۔ پسماندگان کو تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہوں‘۔
دریں اثنا جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے بھی معروف سنار کی ہلاکت کی پر زور مذمت کی ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں اس واقعے کو ایک بہیمانہ واقعہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس میں ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہئے۔
انہوں نے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بہیمانہ واقعات کی کسی بھی سماج میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
یو این آئی