جمعہ, ستمبر ۱۳, ۲۰۲۴
17.9 C
Srinagar

کشمیر: خشک موسم کے بیچ شبانہ سردی مزید تیز، برف باری کی پیش گوئی

سری نگر/ وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ شبانہ سردی میں مزید اضافہ درج ہوا ہے جس نے لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں برف باری کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ محکمے کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں 2 جنوری سے موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے پیش نظر 4 اور5 جنوری کو درمیانی سے بھاری درجے کی برف باری متوقع ہے۔

وادی کشمیر میں جمعرات کو چلہ کلان کے گیارہویں روز اگرچہ موسم خشک رہا اور دن بھر ہلکی دھوپ بھی کھلی رہی لیکن مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی جس کی وجہ سے شدید سردیوں نے لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دوچار کر دیا۔

وادی میں جمعرات کی صبح جہاں آبی ذخائر کی سطح منجمد ہوئی تھی وہیں گھروں اور پبلک واش روموں میں لگے پانی کے نلوں میں بھی پانی جم گیا تھا۔
متعلقہ محکمے کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ، جہاں کئی فٹ برف جمع ہے اور مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی کافی بڑی تعداد موجود ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے ایک اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 18.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img