کشمیر: سردیوں کا زور مسلسل جاری، لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار

کشمیر: سردیوں کا زور مسلسل جاری، لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار
سری نگر، 23 دسمبر :وادی کشمیر میں سردیوں کا زور برابر جاری ہے جس کی وجہ سے خشک موسم کے باوجود بھی لوگ گونا گوں مشکلات سے دوچار ہیں۔

ادھر محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 26 دسمبر کی شام سے برف باری کے ایک اور مختصر مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔
وادی کشمیر میں بدھ کے روز بھی موسم دن بھر نہ صرف خشک رہا بلکہ دھوپ بھی چھائی رہی لیکن شدید شبانہ سردیوں کی وجہ سے لوگ صبح کے وقت دیر تک گھروں میں ہی مقید رہے۔
وادی میں شدید سردیوں کی وجہ سے جہاں بازار صبح کے وقت دیر سے کھل جاتے ہیں اور شام ڈھلتے ہی بند ہوجاتے ہیں وہیں ٹرانسپورٹ کا بھی یہی حال ہے۔
لوگوں کی شکایات ہیں کہ شام ڈھلتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہو جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جب کہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سردیوں کے لئے مشہور لداخ یونین ٹریٹری کے قصبہ دراس میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 24.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں 17.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں سردیوں کا بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان بر سر اقتدار ہے۔
یو این آئی ۔ایم افضل۔ شا پ۔ 1250

Leave a Reply

Your email address will not be published.