وادی کشمیر کے کئی بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ،متعدد رابطہ سڑکیں بند

وادی کشمیر کے کئی بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ،متعدد رابطہ سڑکیں بند
سرینگر//وادی کشمیر کے کئی بالائی علاقوں میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کو برفباری ہوئی ،جسکے نتیجے میں پوری وادی سردی کی شدید لپیٹ میں آگئی ۔تازہ برفباری کے نتیجے میں کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے 8دسمبر تک برف وباراں کی پیش گوئی کر رکھی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق دراس، منی مرگ، سونہ مرگ اور زوجیلا میں تازہ برفباری کے بعد 434کلو میٹر سرینگر ۔لیہ شاہراہ کو ہفتے کے روز احتیاطی طور پر آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ۔
  تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات دراس، منی مرگ، سونہ مرگ اور زوجیلا میں تازہ برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں سرینگر۔ لیہ شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حمل نا ممکن بن گئی۔
 اطلاعات کے مطابق صبح سے ہی شاہراہ کے دونوں طرف پروجیکٹ وجیک اور باڈر روڈ آرگنائزیشن نے شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے۔

تازہ برفباری کے بعد گریز روڑ گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند

شمالی کشمیر میں بانڈی پورہ۔گریز روڑ کو ہفتے کی صبح اُس وقت گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کیا گیا جب علاقے میں تازہ برفباری ہوئی۔بارڈر روڑس آرگنائزیشن حکام کے مطابق مذکورہ روڑ پر برفباری کا سلسلہ جاری تھا جس کے پیش نظر اس کو نقل و حمل کیلئے بند کیا گیا۔
گریز کے داور تحصیل میں اطلاعات کے مطابق چھ انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے ۔علاقے میں برف ہٹانے کی مشینیں کام پر لگائی گئی ہیں۔حکام کے مطابق رازدان درے پر گریز سے دوگنا برف جمع ہوئی تھی۔قابل ذکر ہے کہ 86کلو میٹر طویل روڑ کو پچھلی برفباری کے بعد حال ہی میں گاڑیوں کیلئے کھولا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.