ہفتہ, مئی ۱۰, ۲۰۲۵
17.7 C
Srinagar

راجوری میں ایل او سی پر پاکستانی سنائپر فائر سے بی ایس ایف افسر ہلاک

جموں،//جموں و کشمیر میں ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر منگل کے روز پاکستانی فوج کے ایک سنائپر فائر سے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک سب انسپکٹر ہلاک ہوا۔
بی ایس ایف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ضلع راجوری میں ایل او سی پر منگل کے روز پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک سب انسپکٹر ہلاک ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ مہلوک افسر نے پاکستانی حملے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنے کئی ساتھیوں کی جانیں بچائیں۔
مہلوک بی ایس ایف افسر کی شناخت پی گائیٹ کے بطور ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق آئی جی بی ایس ایف جموں این ایس جموال نے مہلوک افسر کو ایک بہادر سپاہی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانی کو رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔
دریں اثنا اسٹیشن ہاؤس افسر مینڈھر منظور احمد کوہلی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سنائپر فائر سے بی ایس ایف کا ایک افسر ہلاک ہوا ہے۔
ادھر ضلع راجوری کے ہی نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم اس میں کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سال 2003 میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے باجود بھی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان آئے روز کی گولہ باری کا تبادلہ ایک معمول بن گیا ہے۔
اس گولہ باری کے تبادلے کی وجہ سے جہاں دونوں ممالک کو بے تحاشا فوجی نقصان پہنچا ہے وہیں آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا بھی اجیرن بن رہ گیا ہے۔
یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img