سری نگر، // جنوبی ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ میں بدھ کی شام مشتبہ جنگجوئوں کی جانب سے کئے گئے ایک گرینیڈ حملے میں قریب ایک درجن عام شہری زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوئوں نے جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک مشترکہ ٹیم کو نشانہ بنا کر گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر لوگوں کے بیچوں بیچ ایک زوردار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا۔
انہوں نے کہا کہ قریب ایک درجن عام شہری گرینیڈ کے آہنی ریزے لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا۔ تاہم سبھی زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد علاقے میں تلاشی آپریشن چلایا گیا تاہم حملہ آوروں فرار ہونے میں کامیاب ہوچکے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حملے کے سلسلے میں متعلقہ پولیس تھانے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
یو این آئی





