منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
9.1 C
Srinagar

کشمیر میں بجلی کے بحران نے لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے

سری نگر///موسم سرما کی طرف سے تیکھے تیور کی جلوہ نمائی سے قبل ہی وادی کشمیر میں بجلی کے بحران نے لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ ابھی کوئی برف باری ہوئی ہے نہ بارشیں لیکن بجلی کی سپلائی میں اعلان شدہ شیڈول سے بھی زیادہ کٹوتی اور آنکھ مچولی سے سر شام ہی ہرسو اندھیرا چھا جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بجلی کا جو برا حال گذشتہ دو برسوں کے دوران دیکھا گیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔
بتادیں کہ کشمیر پاور ڈیولوپمنٹ کارپویشن لمیٹد کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق جن علاقوں میں میٹر نصب ہیں ان میں روزانہ تین گھنٹے جبکہ جن علاقوں میں میٹر نصب نہیں ہیں ان میں روزانہ چار گھنٹے بجلی کی کٹوتی ہوگی۔
وسطی ضلع بڈگام کے مین ٹاؤن سے آنے والے ایک وفد نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اعلان شدہ شیڈول کا بھی کوئی پاس لحاظ نہیں رکھا جاتا ہے اور مقررہ تین گھنٹوں سے بھی زیادہ وقت تک بجلی کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہوتا ہے۔
محمد عباس نامی ایک مقامی باشندے نے بجلی کی عدم دستیابی کی داستان بیان کرتے ہوئے کہا: ‘تین گھنٹے سے بھی زیادہ وقت تک بجلی غائب رہتی ہے اور پھر جب بجلی جلوہ نما ہو بھی جاتی ہے تو اس کی آنکھ مچولی کا عالم یہ ہوتا ہے کہ شمع بجھانے کے لئے کھڑا ہوتے ہیں تو بجلی چلی جاتی ہے اور پھر شمع جلا ہی رہے ہوتے ہیں کہ بجلی جلوہ افروز ہوجاتی ہے اور ہم اب شمع بجھاتے ہی نہیں ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کا وولٹیج بھی اس قدر کم ہوتا ہے کہ بچوں کو کتابوں سے حروف پوری طرح دکھائی ہی نہیں دیتے ہیں۔
( یو این آئی) 

Popular Categories

spot_imgspot_img