بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
9.6 C
Srinagar

پلوامہ تصادم میں2 ایس پی او سمیت 4 جنگجو ہلاک، آپریشن ختم

ایشین میل نیوز
سری نگر/ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنجرن لاسی پورہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک تصادم میں چار جنگجو مارے گئے۔مہلوک جنگجوؤں میں ریاستی پولیس کے دو سپیشل پولیس آفیسرس بھی شامل ہیں جو محض چوبیس گھنٹے قبل دو ہتھیاروں کے ساتھ روپوش ہوکر جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرچکے تھے۔جموں وکشمیر پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا ‘پلوامہ تصادم میں چار جنگجو مارے گئے۔ وہ مبینہ طور پر جیش محمد سے وابستہ تھے۔ آپریشن اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے پنجرن لاسی پورہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں گزشتہ شام کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوئوں نے فورسز کو نشانہ بناکر فائرنگ کی۔ فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ میں ایک جنگجو مارا گیا۔ تاہم طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جمعہ کی صبح تک جاری رہا جس میں مزید تین جنگجو مارے گئے۔مہلوکین میں مبینہ طور پر دو ایس پی او بھی شامل ہیں جو جمعرات کی صبح ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ سے اپنے سروس ہتھیاروں کے ساتھ لاپتہ ہوکر جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہوگئے تھے۔ان کی شناخت شبیر احمد ساکنہ تجن پلوامہ اور سلیمان احمد ساکنہ اٹھمولہ شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے۔تصادم میں مارے گئے دیگر دو جنگجوئوں کی شناخت عاشق احمد ساکنہ پنجرن پلوامہ اور عمران احمد ساکنہ آری ہل پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے۔۔یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img