رہائشی سہولیت کا بندوبست نہیں کیا گیا تو بھوک ہڑتال پر جائیں گے: مہاجر پنڈت ملازمین

رہائشی سہولیت کا بندوبست نہیں کیا گیا تو بھوک ہڑتال پر جائیں گے: مہاجر پنڈت ملازمین

ایشین میل نیوز ڈیسک

 

سری نگر:آل پارٹیز مائیگرنٹ کارڈی نیشن کمیٹی نے دھمکی دی ہے کہ اگر وزیر اعظم پیکیج کے تحت تقرر کئے گئے کشمیری پنڈت ملازموں کے لئے رہائشی سہولیت کا جلد بندوبست نہیں کیا گیا تو وہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کریں گے جس کے نتائج کی ساری ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

ہفتہ کے روز یہاں پرتاب پارک میں رہائشی سہولیت فراہم کرنے کے مطالبے کو لے کر وزیراعظم پیکیج کے تحت تقرر کئے گئے درجنوں کشمیری پنڈت ملازموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی ملازمین انتظامیہ مخالف نعرہ بازی کررہے تھے۔

اس موقعہ پر آل پارٹیز مائیگرنٹ کارڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین ونود پنڈت نے کہا ‘آٹھ نو سال پہلے 6 ہزار کشمیری پنڈت وزیر اعظم پیکیج کے تحت مختلف محکموں میں تقرر کئے گئے لیکن ابھی بھی نوے فیصد ملازموں کے پاس رہائشی سہولیت نہیں ہے اور اگر کہیں تعمیر ہورہی ہیں تو جے کے پی سی سی اس میں تاخیر کررہی ہے’۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم پیکیج کے تحت تقرر ہوئے ملازموں کو جلد رہائشی سہولیت نہیں ملی تو وہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر جائیں گے جس کی ساری ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔

ونود پنڈت نے جے کے پی سی سی کے خلاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ‘رہائشی کوارٹرس تعمیر کرنے کے لئے سری نگر، مٹن، پلوامہ میں زمین ہی دستیاب نہیں ہے جبکہ کپوارہ، بارہمولہ میں زمین دستیاب ہے لیکن ٹینڈر نہیں نکالے جارہے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ متعلقہ مشیر جو پنڈتوں کی باز آباد کاری پر مقرر ہیں، آج کل وادی میں ہیں لیکن انہوں نے کسی بھی مائیگرنٹ کالونی کا دورہ نہیں کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.