ہفتہ, جنوری ۲۵, ۲۰۲۵
2.6 C
Srinagar

اننت ناگ نشست:صبح گیارہ بجے تک 4.79 فیصد ووٹنگ درج

ایشین میل نیوز ڈیسک 

اننت ناگ،: جموں وکشمیر کے حساس ترین علاقہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع پر مشتمل اننت ناگ پارلیمانی نشست کے لئے تین مرحلوں میں ہونے والی پولنگ کے پہلے مرحلے کا منگل کی صبح سات بجے آغاز ہوگیا۔

اننت ناگ پارلیمانی حلقہ جو اننت ناگ، پلوامہ، کولگام اور شوپیاں اضلاع پر محیط ہے، کے ضلع اننت ناگ میں پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اگرچہ ضلع اننت ناگ کے چھ اسمبلی حلقوں بشمول اننت ناگ، ڈورو، کوکر ناگ، شانگس، بجبہاڑہ اور پہلگام میں منگل کی صبح پولنگ کا باضابطہ آغاز ہوگیا تاہم صبح کے وقت کسی بھی پولنگ مرکز کے باہر رائے دہندگان کی قطاریں نظر نہیں آئیں۔ بعض پولنگ مراکز ایسے بھی ہیں جہاں یہ رپورٹ فائل کئے جانے تک کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا۔

ضلع اننت ناگ کو پولنگ کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد میں تعیناتی سے فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
اننت ناگ رواں پارلیمانی انتخابات میں ملک کا واحد ایسا حلقہ ہے جس میں تین مرحلوں میں ووٹ ڈالے جانے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ جنوبی کشمیر کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے لیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع اننت ناگ میں سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں پولنگ کے دوران تشدد کے خدشے کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی 170 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔

 

اننت ناگ پارلیمانی حلقہ جو اننت ناگ، پلوامہ، کولگام اور شوپیاں اضلاع پر محیط ہے،میں صبح گیارہ بجے تک مجموعی ووٹنگ شرح 4.79 فیصد درج کی گئی۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img