جموں،جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے سناسر میں واقع باغ گل لالہ اگرچہ اپنے جوبن پر ہے لیکن باغ کو جوڑنے والی سڑک کی خستہ حالی سیاحوں کو اس کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے میں رکاوٹ حائل ہے۔
سناسر علاقے میں برف پوش پہاڑیوں کے دامن میں واقع باغ گل لالہ کو ماہ رواں کی 16 تاریخ کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا تھا لیکن اس کو جوڑنے والی سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے سیاح بشمول مقامی لوگ اس کے دلپزیر نظاروں سے لطف اندوذ نہیں ہوپا رہے ہیں۔
پٹنی ٹاپ سے نتھا ٹاپ تک سڑک کی حالت بہتر ہے لیکن اس کے بعد سڑک کی حالت اس قدر ناگفتہ بہہ ہے کہ سیاح باغ گل لالہ کی سیر کرنے کے پروگرام کو ترک کرنے پرمجبور ہوجاتے ہیں۔
سیما سکسینہ نامی ایک سیاح نے یو این آئی کو بتایا کہ پٹنی ٹاپ کے ایک مقامی ہوٹل میں ہم نے نتھا ٹاپ کے بعد سناسرجانے کا منصوبہ بنایا لیکن سڑک کی خستہ حالت دیکھ کر ہم نے ارادہ ہی بدل دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا گروپ اب نتھا ٹاپ سے ہی واپس پٹنی ٹاپ لوٹے گا کیونکہ ہمیں شام تک جموں پہنچنا ہے تاکہ ہم دلی کے لئے ریل پکڑ سکیں۔
جموں کے رہنے والے ہرش نامی ایک سیاح نے سڑک کی خستہ حالی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ‘ہمیں معلوم ہوا کہ سناسر میں واقع باغ گل لالہ کھول دیا گیا تو ہم نے ہفتے کو اس کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہونے کا پلان بنایا’۔