اننت ناگ، (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں پیر کے روز پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے قافلے پر سنگ باری ہوئی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی پیر کے روز اننت ناگ میں واقع کھرم شریف پر حاضری دینے کے بعد بجبہاڑہ، جہاں انہیں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرنا تھا، کی طرف جارہی تھیں کہ سرہامہ پہنچتے ہی اس کے کاررواں پر سنگ باری ہوئی۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ سنگ باری کے حملے سے اگرچہ محبوبہ مفتی کو کوئی گزند نہیں پہنچی تاہم کاررواں میں شامل ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لے کر محبوبہ مفتی کو بہ صحیح سلامت بجبہاڑہ پہنچایا جہاں انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ محبوبہ مفتی کے کاررواں پر ہوئے سنگ باری حملے میں ایک ایس ایس جی اہلکار زخمی ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔بتادیں کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اننت ناگ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے قسمت آزمائی کررہی ہیں۔ وادی کشمیر کا حساس ترین پارلیمانی حلقہ مانے جانے والے اننت ناگ میں تین مرحلوں میں ووٹنگ ہونی ہے۔