جمعرات, جنوری ۲۳, ۲۰۲۵
0.9 C
Srinagar

بڈگام پولیس کی سماجی سرگرمیاں

 پولیس پبلک اسکول بمنہ کی جانب سے دوڑ کا اہتمام
آئی جی کشمیر نے دوڑ کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا

بڈگام:    پولیس پبلک اسکول بمنہ کی جانب سے پانچویں اور بارہویں جماعت میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کیلئے دوڑ کا اہتمام کیاگیا جس میں اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ نہرو پارک سرینگر میں آج صبح آئی جی کشمیر ایس پی پانی ، ایس او ٹو آئی جی پی آرمڈ جاوید احمد ڈار نے اس ریس میں شریک 490طلبا و طالبات جس میں 280طلبا،135طالبات اور تدریسی عملے سے وابستہ 75ملازمین نے حصہ لیا۔ دوڑ نہرو پارک سے شروع ہو کر بوٹینیکل گارڈن میں اختتام پذیر ہوئی ۔ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں پانچویں جماعت کی مسکان ریاض ، آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم ثانیہ شمیم اور آٹھویں جماعت کی طالبہ نوشینہ فاطمہ نے بالترتیب پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بائز گروپ (جونیئر ) میں آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم جنید احمد ملک نے پہلی ، چھٹی جماعت کے طالب علم عابد گلزار نے دوسری جبکہ ساتویں جماعت میں زیر تعلیم محسن مشتاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ علاوہ ازیں بائز گروپ (سینئر ) میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم سرفراز احمد نے پہلی ، نویں جماعت کے طالب علم اسرار یوسف نے دوسری جبکہ گیارہویں جماعت کے ارسلان یوسف نے تیسری پوزیشن پر قبضہ کیا۔جسمانی تندرستی کیلئے دوڑ از حد ضروری ہے تاکہ جسمانی صحت کو برقرار رکھا جا سکے ۔ آخر پر پولیس پبلک اسکول بمنہ کے پرنسپل تاظم وحیدی نے آئی جی کشمیر ایس پی پانی اور جاوید احمد ڈار کا شکریہ ادا کیا۔

 بڈگام پولیس نے ضرورتمند طلبا میں مفت کتابیں تقسیم کیں

سیوک ایکشن پروگرام کے تحت بڈگام پولیس نے آج گورنمنٹ پرائمری اسکول گوگجہ پتھری اور چرار شریف میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران حاجتمند طلبہ وطالبات میں درس وتدریس سے وابستہ سامان فراہم کیا۔ اس موقع پر اسکول میں تعینات اساتذہ ، طلبا اور مقامی ذی عزت شہریوں نے شرکت کی۔ ایس ڈی پی او چرار شریف سعید فیاض احمد نے شرکاءسے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ طلبا و طالبات بہتر مستقبل کی خاطر تعلیم اور کھیل کود کی طرف اپنی توجہ مبذول کریں تاکہ اُن کا مستقبل تابناک بن سکے۔ اس موقع پر انہوں نے طلبا و طالبات کی جانب سے تعلیمی معیار کو بلند رکھنے پراُنہیں شاباشی پیش کی۔

 بڈگام پولیس نے نقب زنی کا معمہ حل کیا۔ تین سارق گرفتار

چند روز قبل پولیس اسٹیشن بڈگام میں ”ای کام ایکسپرس “ کے برانچ سربراہ نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ 31مارچ اور یکم اپریل2019 کی درمیانی شب کو نامعلوم نقب زن اُن کے دفتر میں گھس گئے اور وہاں پر لاکرتوڑ کر اُس میں موجود نقدی چُرا کر فرار ہوئے۔ چنانچہ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 7/2019کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ دورانِ تفتیش پولیس نے کئی مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن طلب کیا جس دوران عادل جہانگیر ڈار ولد عبدالحد ڈار ساکنہ رازون بڈگام نے اپنا جرم قبول کیا ۔ پولیس ٹیم نے مذکورہ شخص کی نشاندہی پر چُرائی گئی3 لاکھ 65ہزار 340روپیہ کی رقم برآمد کرکے ضبط کی۔ تحقیقاتی ٹیم نے نقب زنی میں ملوث مزید دو افراد جن کی شناخت مدثر احمد ڈار ولد بشیر احمد ڈار اور عمر احمد وانی ولد غلام احمد وانی ساکنان رازون کے بطور ہوئی ہے کو بھی گرفتار کیا۔ اس طرح چوری کے اس معمے کو قلیل عرصہ میں حل کیا گیا۔عوامی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سماج میں پنپ رہے جرائم کو نیست و نابود کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ پذیرائی کے قابل ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img